تلنگانہ جرنلسٹس اسوسی ایشن کے زیراہتمام سمینار،صدرنشین پریس اکیڈیمی سرینواس ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔11؍جون(پریس نوٹ ) ۔ صدرنشین تلنگانہ پریس اکیڈیمی سرینواس ریڈی نے صحیفہ نگاروں کو ترغیب دی کہ وہ مملکت کے چوتھے ستون کے ارکان کے طور پر سماج کی ترقی کیلئے اپنی ذمہ داری بحسن وخوبی نبھائیں۔ سرینواس ریڈی نے جو تلنگانہ جرنلسٹس اسوسی ایشن کے زیراہتمام برہماکماریس سائلنس ری ٹرئیٹ سنٹر بی بی نگر، یادادری بھوانگیری میں صحافیوں کیلئے ’’امن، اتحاد واعتماد کے فروغ میں میڈیا کا رول‘‘ کے زیرعنوان سمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے کہا کہ اگر صحیفہ نگاروں نے اپنی اس اہم ترین ذمہ داری کے سلسلہ میں غفلت کا مظاہرہ کیا تو سماج کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صحیفہ نگاروں کو جو سچ ہے اس کی رپورٹنگ کرنی چاہئے اور اخبارات و الکٹرانک میڈیا میں سچائی پر مبنی خبروں کی نشرواشاعت عمل میں لائی جانی چاہئے تاکہ لوگ صحافت کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں اور اس کا احترام کریں۔صدرنشین پریس اکیڈیمی نے اس بارے میں فکروتشویش کا اظہار کیا کہ ہندوستانیوں کی فی کس آمدنی 2.40 لاکھ روپے سالانہ ہے مگر بیشتر صحیفہ نگاروں کو 20000 روپے ماہانہ تنخواہ بھی نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحیفہ نگار اس قدر کم تنخواہ پر اپنے خاندان کی کس طرح کفالت کرسکیں گے۔ تلنگانہ جرنلسٹس اسوسی ایشن نے یہ سمینار برہماکماریس کے اشتراک سے منعقد کیا۔ سرینواس ریڈی نے برہما کماریس کو خراج تحسین پیش کیا کہ ان کی جانب سے عالمی امن کیلئے اس طرح کے سمینار منعقد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صحیفہ نگار اس کاز میں برہماکماریس کے ہمقدم ہیں۔ سابق رکن پریس کونسل آف انڈیاو بانی ٹی جے اے (آئی) اپلالکشمن نے جو تلنگانہ جرنلسٹس اسوسی ایشن کے مشیر اعلیٰ ہیں اعزازی مہمان کے طور پر سمینار میں شرکت کی۔ کارگزار صدر تلنگانہ جرنلسٹس اسوسی ایشن راجندرناتھ سمینار کے آرگنائزر تھے۔ڈائرکٹر ایس آرسی برہماکماریس راج یوگینی سنیتاویدی نے خیرمقدم کیا۔ صدر حیدرآباد پریس کلب وینوگوپال نائیڈو، سابق وائس چانسلر کاکتیہ یونیورسٹی ودیاوتی اور دوسری شخصیتوں نے مخاطب کیا۔ تلنگانہ جرنلسٹس اسوسی ایشن کے عہدیدار و ارکان شریک اجلاس تھے۔