صدر پی سی سی مہیش کمار گوڑ کیخلاف نازیبا الفاظ کا استعمال

   

مشیر حکومت برائے ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات محمد علی شبیر کو وجہ نمائی نوٹس
حیدرآباد۔13 ۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس نے صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر کاروائی کرتے ہوئے مشیر حکومت برائے ایس سی ‘ ایس ٹی اور اقلیتی طبقات جناب محمد علی شبیر کو نوٹس ’وجہ نمائی‘ جاری کردی ہے۔گذشتہ تین یوم سے محمد علی شبیر کی پارٹی کارکن سے فون پر بات چیت کے دوران صدر تلنگانہ پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے خلاف استعمال کئے گئے ’نازیبا‘ الفاظ اورپیسہ حاصل کرتے ہوئے عہدے دیئے جانے کے دعوے پر مشتمل ’’کال ریکارڈنگ ‘ وائرل ہونے کے بعد سے توقع کی جار ہی تھی کہ ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔ گذشتہ یوم اندوپریہ نے کاماریڈی سپرٹنڈنٹ آف پولیس سے ملاقات کرتے ہوئے محمد علی شبیر ‘ ان کے فرزند اور ان کے حامیوں کے خلاف تحریری شکایت درج کروائی تھی ۔شبیر علی اور کانگریس کارکن کے درمیان ہونے والی اس بات چیت کے افشاء پر بی آر ایس کارگذار صدر مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بھی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مشیر ریاستی حکومت ’محمد علی شبیر‘ کو کانگریس حکومت میں جاری بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے اعتراف پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس وائرل کال ریکارڈنگ میں جو باتیں کہی گئی ہیں وہ خود کانگریس کے سینیئر قائد کی جانب سے کئے جانے والا اعتراف ہے جو کہ کانگریس کے داخلی معاملات کے حقائق کو پیش کر رہا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ کاماریڈی سے تعلق رکھنے والے قائدین نے صدرنشین تلنگانہ کانگریس تادیبی کمیٹی رکن پارلیمنٹ مسٹر ملو روی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تحریری شکایات اور وائرل کال ریکارڈنگ پیش کرتے ہوئے کاروائی کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس شکایت کا جائزہ لینے کے بعد تادیبی کمیٹی نے سابق ریاستی وزیر و مشیر ریاستی حکومت محمد علی شبیر کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں نوٹس ’وجہ نمائی ‘ جاری کردی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ حلقہ اسمبلی کاماریڈی میں کانگریس انچارج کے عہدہ پر مقامی شخص کو ذمہ داری دیئے جانے کے بعد یہ تنازعہ پیدا ہوا ۔ محمد علی شبیر نے انچارج کی نامزدگی پر کاماریڈی سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکن سے بات چیت کے دوران مہیش کمار گوڑ کے خلاف نازیبا ریمارکس کئے تھے ۔3