احمد آباد: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 2 روزہ دورے پر پیر کو گجرات کے احمد آباد پہنچیں۔صدر بننے کے بعد یہ ان کا گجرات کا پہلا دورہ ہے ۔ وہ دورہ کے پہلے دن احمد آباد میں سابرمتی گاندھی آشرم پہنچیں، بابائے قوم مہاتما گاندھی کو پھول چڑھا کر اور چرخہ کات کر بھر پورخراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران گورنر آچاریہ دیوورت اور وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل بھی ان کے ساتھ موجود تھے ۔صدر دروپدی مرمو نے گاندھی آشرم میں مہاتما گاندھی کی زندگی اور تحریک آزادی کی جدوجہد کو دکھانے والی آرکائیو نمائش کا دورہ کیا اور ساتھ ہی گریٹر آشرم ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے ماڈل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ یہاں انہوں نے مہاتما گاندھی کی رہائش گاہ ہردے کنج کا بھی دورہ کیا۔ وہ آج گجرات حکومت کی طرف سے ان کے اعزاز میں دی جانے والی ضیافت میں شریک ہونگی۔ منگل کو صدر جمہوریہ گجرات یونیورسٹی میں خواتین کے لیے ایک اسٹارٹ اپ پلیٹ فارم کا آغاز کریں گے اور تعلیم اور قبائلی بہبود سے متعلق منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے ۔