قانون ساز اسمبلی نے ہمیشہ معاشرہ کے مفاد میں کام کیا ہے ، گجرات قانون ساز اسمبلی سے مرمو کا خطاب
نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج یہاں نیشنل ای۔ ودھان ایپلیکیشن کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ سال 1960 میں گجرات ریاست کے قیام سے ہی گجرات قانون ساز اسمبلی نے ہمیشہ معاشرے کے مفاد میں کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس نے وقتاً فوقتاً کئی قابل تعریف اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ای- اسمبلی کا افتتاح ایک اہم قدم ہے جس سے یہ ایوان ایک ڈیجیٹل ایوان میں تبدیل ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ای- وِدھان ایپلی کیشن (این ای وی اے ) کے ذریعے اس ایوان کے اراکین پارلیمنٹ اور ملک کی دیگر قانون ساز اسمبلیوں کے بہترین طریقوں سے سیکھ سکتے ہیں اور انہیں اختیار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر اعتماد ظاہر کیا کہ اس پہل سے ‘ایک ملک ایک ایپلی کیشن’ کے مقصد کو تحریک ملے گی جس سے گجرات قانون ساز اسمبلی کے کام کاج کی رفتار اور شفافیت میں اضافہ ہوگا اور ایوان کی پوری کارروائی پیپرلیس ہوجانے سے ماحولیات کا تحفظ بھی ہوگا۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ کئی معاملوں میں گجرات ملک کی ممتاز ریاستوں میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ممتاز مینوفیکچرنگ ہب اور دودھ پیدا کرنے و الی سب سے بڑی ریاست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے معاملے میں یہ بڑی ریاستوں میں شامل ہے اور چھت پر سولر پاور جنریشن اور وِنڈ انرجی پروڈکشن کے معاملے میں صفحہ اول کی ریاستوں میں اس کا شمار ہوتا ہے ۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ انسانی وسائل کسی بھی ریاست کی اقتصادی ترقی میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں۔محترمہ مرمو نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی کے لیے عوام کو ایک اچھی صحت کا نظام، معیاری تعلیم، بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرایا جانا بہت اہم ہے ۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کااظہار کیا کہ حکومت گجرات نے اس پہلو پر پوری توجہ مرکوز کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم، اساتذہ اور طلباء کے تناسب ، داخلہ لینے والوں کے تناسب اور تعلیم نہ چھوڑنے والوں کی شرح میں حکومت کی کوششوں سے غیرمعمولی بہتری آئی ہے ۔ صدر جمہوریہ نے اس بات کی تعریف کی کہ دیہی علاقوں میں تین ٹیئر والے صحت نظام کے ذریعے اچھی صحت خدمات فراہم کرائی جارہی ہیں۔ اس سے زچگی کے دوران ہونے والی اموات اور بچوں کی اموات کے تناسب میں کمی آئی ہے ۔ انہوں نے اس بات کی تعریف کی کہ گجرات میں گزشتہ دو دہائیوں میں بجلی سے متعلق اصلاحات ، پانی کا ذخیرہ کرنے اور پانی کی سپلائی کے معاملے میں گجرات میں اہم کام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ ریاستی حکومت نے جانوروں کی بہتری کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ایوان میں خواتین کی نمائندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ جب خواتین ہر میدان میں شاندار کارکردگی انجام دے رہی ہیں چاہے وہ سائنس اور ٹیکنالوجی ہو، دفاع یا کھیل کود ہو، تو سیاست میں ان کی نمائندگی میں بھی اضافہ ہوناچاہیے ۔