ضلع محبوب آباد میں سائبیریا کے پرندوں کی آمد

   

حیدرآباد۔/15 فروری، ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد میں سائبریا کے پرندوں کی آمد ہوئی ہے۔ ہر سال گرما کے موسم کے آغاز سے پہلے یہ پرندے محبوب آباد ضلع میں آتے ہیں۔ ضلع کے مادھو پورم، میچاراج پلی اور دیگر دیہاتوں میں ان پرندوں کی آمد ہوتی ہے۔ ان علاقوں کے حالات اور موسم کے ان کے رہنے کیلئے موزوں ہونے کے سبب ہر سال یہ پرندے بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں۔ یہ پرندے ہر 6 ماہ میں ایک مقام سے دوسرے مقام منتقل ہوجاتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان پرندوں کے گھونسلوں کا کوئی تحفظ نہیں ہے۔ ان لوگوں نے مطالبہ کیا کہ ان نئے مہمانوں کی آمد کے پیش نظر تالابوں کے تحفظ اور ان کو سیاحتی مقامات کے طور پر ترقی دینے کی بھی ضرورت ہے جہاں پر یہ پرندے اکثر اپنا زیادہ تر وقت گذارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔