طوفان ساودل کے چین میں ہلاکت خیز اثرات

   

بیجنگ :6ستمبر ( یو این آئی ) اطلاع کے مطابق ہفتہ کے روز مشرقی چین میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک شخص ہلاک اور گیارہ لاپتہ ہوگئے، جبکہ طوفانی سائیکلون ساودلکی وجہ سے کئی روز تک ہونے والی زبردست بارش کے بعد تقریباً بارہ گھر متاثر ہوئے۔بیان میں کہا گیا کہ مٹی کا تودہ جیانگسی صوبے کے سیچوان علاقے کے ایک گاؤں میں علی الصبح گرا، جس کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور مزید خطرات سے بچانے کے لیے مقامی لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔بیان کے مطابق ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے ، جبکہ دو دیگر کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی شن ہواکے مطابق طوفان ساودل28 اگست کو شی جیانگ صوبے میں دو بار ٹکرایا اور جمعرات کوفوجیان صوبے میں ایک موسمی طوفان کی شکل میں تیسری بار اپنا چہرہ نمو دارکیا۔شن ہْوا کے مطابق فوجیان میں مقامی حکام نے جمعہ کو کہا کہ کئی روز کی شدید بارش کے بعد متعدد رہائشی لاپتہ ہیں۔ایجنسی نے مزید کہا کہ جمعرات کی دوپہر کو ایک بند تیزی بہاو کی تاب نہ ہوتے ہوئے ٹوٹ گیا ، جس سے دیہات زیرِ آب آ گئے اور رہائشی پھنس گئے۔ایجنسی کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شب تک فوجیان کے ساحلی اور خشکی پر خطرناک قرار دیے گئے علاقوں سے تقریباً 600,000 رہائشیوں کو منتقل کر دیا گیا تھا۔سرکاری نشریاتی ادارے CCTV کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بعض سڑکیں ندیوں کی طرح بہہ رہی تھیں، جبکہ امدادی کارکنوں نے ہوا سے بھری جانے والی کشتیوں کے ساتھ امدادی کارروائیاں کیں۔