عادل حسن لون:سری نگر کا نوجوان ادا کار

   

سری نگر،25 مئی (یو این آئی) وادی کشمیر کے نوجوان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی وساطت سے اداکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے جہاں لوگوں کے لئے فرحت و مسرت کا سامان فراہم کر رہے ہیں وہیں معاشرے میں پھیل رہی منشیات جیسی بدعات کے متعلق بھی جانکاری عام کر رہے ہیں۔عادل حسن لون ایک ایسے ہی نوجوان ادا کار ہیں جن کے ایک گیت ’ستم’ نے سوشل میڈیا پر نہ صرف دھوم مچا رکھی ہے بلکہ یہ گیت منشیات کی لت میں پڑنے والے نوجوانوں کے لئے نصیحت آمیز ہے ۔سری نگر کے صفا کدل علاقے سے تعلق رکھنے والے موصوف ادا کار کا کہنا ہے کہ جب میں نے ‘ستم’ گیت ایک کیفے میں لانچ کیا تو وہاں موجود تمام لوگوں کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے ۔انہوں نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ہفتہ وار پروگرام ‘سکون’ میں اپنی گفتگو میں کہا کہ ہمیں کشمیر کے لوگوں کا سپورٹ چاہئے وہی ہماری حوصلہ افزائی کے لئے کافی ہے ۔اپنے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے عادل حسن کہنا تھا: ‘مجھے بچپن سے ہی ادا کاری کا شوق تھا میرے والد نے مجھے دلی، جہاں وہ کام کرتا تھا، میں ایک ایکٹنگ اسکول جانے کو کہا لیکن وہاں فیس کافی زیادہ تھی جس کی وجہ سے میں اس اسکول میں داخلہ نہیں لے سکا’۔انہوں نے کہا کہ پھر میں نے ایک آئینہ لایا اسی کو استعمال کرکے ایکٹنگ سیکھنے لگا۔