عازمین حج کیلئے ایر پورٹ پر سہولتوں کے بارے میں کل اہم اجلاس

   

جی ایم آر اور دیگر اداروں کی شرکت، وزیر داخلہ بیگم پیٹ ایر پورٹ سے خصوصی پروازوں کے حق میں
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) حج 2022 کے عازمین حج کیلئے حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر موثر انتظامات کے سلسلہ میں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے 30 مئی کو جی ایم آر اور دیگر اداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا ہے۔ ایر پورٹ کے احاطہ میں کئی برسوں تک عازمین حج کی خصوصی حج ٹرمنل سے روانگی عمل میں آتی رہی ہے۔ ایرپورٹ کے توسیعی کاموں کے سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ حج ٹرمنل کو منہدم کردیا گیا اور جی ایم آر حکام نے مین ٹرمنل سے عازمین حج کی روانگی کے انتظامات کئے ہیں۔ مین ٹرمنل پر دیگر بین الاقوامی مسافرین کی موجودگی اور عازمین حج کیلئے ضروری درکار سہولتوں کی دستیابی میں دشواری کو دیکھتے ہوئے وزیر داخلہ نے اجلاس طلب کیا ہے۔ مین ٹرمنل پر کئی ذیلی ٹرمنل ہیں جن میں سے کوئی ایک ٹرمنل عازمین کی روانگی کیلئے مخصوص کیا جانا چاہیئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اجلاس میں تجویز پیش کی جائے گی کہ بیگم پیٹ ایر پورٹ سے عازمین حج کی خصوصی پروازوں کا انتظام کیا جائے۔ اہم شخصیتوں کی آمدورفت کے پیش نظر بیگم پیٹ ایر پورٹ کارکرد ہے۔ عازمین حج میں زیادہ تر ضعیف العمر افراد ہوتے ہیں جو پہلی مرتبہ فضائی سفر کرتے ہیں انہیں ایر پورٹ پر ضروری فارمس کی تکمیل اور لگیج کی منتقلی میں دشواری ہوسکتی ہے۔ حج ٹرمنل میں کارکنوں کی جانب سے مدد کی جاتی رہی۔ نماز گاہ کی سہولت اور بیت الخلاؤں کا بھی مسئلہ پیدا ہوگا۔ جی ایم آر کمپنی سے جن امور پر بات چیت کی جائے گی ان میں ایر پورٹ پر سیکوریٹی چیک کاؤنٹرس، ہر فلائیٹ کے 330 عازمین کیلئے نشست کا انتظام، بیاگیج کی منتقلی کیلئے آٹو میٹک ٹریک کی سہولت، فری پارکنگ اور عازمین کے رشتہ داروں کیلئے شیلٹر کی فراہمی جیسے امور شامل ہیں۔ حج کیمپ اور دیگر انتظامات کے سلسلہ میں 8 جون کو محکمہ جاتی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ عازمین کی روانگی کا 20 جون سے آغاز ہوگا جبکہ 18 جون کو حج ہاوز میں کیمپ کا آغاز ہوگا۔ر