حیدرآباد۔20۔ مئی (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے منتخب عازمین سے خواہش کی ہے کہ وہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراک حاصل کرلیں بصورت دیگر وہ سفر حج سے محروم رہیں گے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر محمد یعقوب شیخ نے ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کرکے تمام عازمین سے ویکسین کے حصول کی تفصیلات اور سرٹیفکٹس حاصل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ کہا گیا کہ حکومت سعودی عرب نے ہر عازم کے لئے سعودی حکومت کی منظورہ ویکسین کی دونوں خوراک حاصل کرنے کو لازمی قرار دیا ہے۔ عمر کی حد کے بغیر ہر عازم کو ویکسین حاصل کرنا ہوگا، بھلے ہی وہ کمسن بچے کیوں نہ ہوں۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ ایسے عازمین جنہوں نے ابھی تک دوسری خوراک حاصل نہیں کی اور درخواست فارم میں اس کا ذکر شامل نہیں ہے ، انہیں چاہئے کہ وہ فوری دوسری خوراک حاصل کرلیں۔ ایسے عازمین بشمول بچے اور کمسن جنہوں نے دونوں خوراک حاصل نہیں کی، انہیں سفر حج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ریاستی حج کمیٹیوں کو مشورہ دیا کہ وہ تمام عازمین کے لئے دونوں خوراک کے حصول کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی عازم کو روانگی میں رکاوٹ نہ رہے۔ ر