عالمی اداروں میں اصلاحات متبادل نہیں بلکہ ضرورت: جے شنکر

   

نئی دہلی، 15 مئی (یو این آئی) ہندوستان نے عالمی اداروں میں فوری اصلاحات کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ کثیر جہتی نظام موجودہ جغرافیائی سیاسی اور اقتصادی حقائق کی عکاسی نہیں کرتا۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے جمعہ کو یہاں برکس ممالک کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس کے دوسرے اور آخری دن عالمی حکمرانی اور کثیر جہتی نظام میں اصلاحات کے موضوع پر کھلے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اصلاحات آپشن نہیں بلکہ ضرورت ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل اور غیر مستقل دونوں زمروں میں توسیع کی پرزور وکالت کی اور کہا کہ ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کی نمائندگی اب بھی ناکافی ہے ۔ ہندوستان نے رکن ممالک سے اقوام متحدہ کی اصلاحات پر مرحلہ وار بات چیت شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور بین حکومتی مذاکراتی عمل اور برکس جوہانسبرگ سربراہ اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کیا۔