نئی دہلی: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت کی حمایت کرتے ہوئے آج کہا کہ امن کے پیامبرمہاتما گاندھی کا ملک ہونے کے ناطے ہندوستان اقوام متحدہ میں موجودہ عدم اعتماد کو دور کرنے اور دنیا میں امن، خوشحالی، ترقی اور استحکام کے قیام میں قائدانہ کردار ادا کر سکتا ہے ۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی دعوت پر ہندوستان کے پانچ روزہ دورے پر آئے ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کے سابق سفارت کار فرانسس نے یہاں اقوام متحدہ کے دفتر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے یہ بھی واضح طور پر کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل موجودہ جغرافیائی سیاسی حقائق کی عکاسی نہیں کرتی۔ اقوام متحدہ میں اصلاحات کی پرزور وکالت کرتے ہوئے کہا کہ بڑے ممالک ویٹو کے ذریعے جغرافیائی سیاسی حرکیات میں خلل ڈال کر اسے درست فیصلے کرنے سے قاصر بنارہے ہیں۔ فرانسس نے کہا کہ ہندوستان نے حالیہ دنوں میں تبدیلی کی ہے اور گلوبل ساؤتھ کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر ایک معیار قائم کیا ہے ۔ اقوام متحدہ کی رکنیت کے حوالے سے عدم اعتماد کی فضا پیدا ہو گئی ہے ۔ بھارت اس اعتماد کی کمی کو دور کرنے کی کوششوں کی قیادت کر سکتا ہے کیونکہ یہ مہاتما گاندھی کی سرزمین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ اقوام متحدہ کسی ملک یا حکومت کا نہیں دنیا کے عوام کی نمائندگی کرتا ہے ، اسی لئے میڈیا کو معاشرے میں اقوام متحدہ کی ساکھ کے بارے میں آگاہی پھیلانی چاہئے ۔