سابق چیف منسٹر کے سی آر کے قریبی رشتہ دار کنا راؤ کے خلاف مقدمہ
حیدرآباد 15 مارچ(سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ آدی بٹلہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے قریبی رشہ دار اور بی آر ایس قائد کنا راؤ کے خلاف پولیس نے اراضی پر قبضہ کی کوشش پر مقدمہ درج کرلیا۔بتایاجاتاہے کہ محکمہ پولیس کو کنا راؤ اور دیگر بی آر ایس قائدین کے خلاف او آر ایس پراجکٹس ڈائرکٹر کی جانب سے شکایات موصول ہوئی تھی کہ کلواکنٹلہ کنا راؤ سروے نمبر 32 میں موجود 2 ایکڑ اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے اور عبداللہ پور منڈل ‘ ضلع رنگاریڈی کے حدود میں موجود اراضی پر تیجشورراؤ عرف کنا راؤ نے اپنے 150 ساتھیوں کے ساتھ پہنچ کر قبضہ کرنے کی کوشش کی اور دیواروں کو منہدم کردیا تھا اس کے علاوہ اس اراضی پر موجود جھونپڑیوں کو آگ لگادی گئی تھی ۔ پولیس کے مطابق او آر ایس پراجکٹ ڈائرکٹر کی شکایت پر محکمہ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد کناراؤ اور دیگر 36 بی آر ایس قائدین کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان میں بعض افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ جس جے سی بی کے ذریعہ اس پراجکٹ کی دیوار کو منہدم کرنے کی کاروائی انجام دی گئی اس جے سی بی کے ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ انسپکٹر پولیس آدی بٹلہ کے مطابق پولیس نے دفعہ 307,447,427,436 کے علاوہ 148 اور 149 کے تحت مقدمات درج کرلئے ہیں۔سربراہ بھارت راشٹرسمیتی و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے بھتیجہ کناراؤ اور ان کے ساتھیو ںکے متعلق محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کا کہناہے کہ وہ اس واقعہ کے بعد سے اب تک فرار ہیں لیکن پولیس نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کی نگرانی میں ان کی گرفتاری کے لئے تین مختلف ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی ہے تاکہ ان کی جلد از جلد گرفتاری عمل میں لائی جاسکے۔3