عثمانیہ ہاسپٹل کی تعمیر پر چیف سکریٹری کا اعلیٰ سطحی اجلاس

   

پٹرول پمپ کی منتقلی کی ہدایت، ریجنل رنگ روڈ اور ہائی کورٹ کی تعمیر کا جائزہ

حیدرآباد۔/22 جنوری، (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ہائی کورٹ ، تلنگانہ بھون، عثمانیہ ہاسپٹل، ریجنل رنگ روڈ نارتھ، اندرا مہیلا شکتی بلڈنگس اور ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کی تعمیر کے مسئلہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کے ساتھ عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کے منصوبہ پر تبادلہ خیال کیا جس کے تحت ہاسپٹل کی عمارت کے علاوہ اکیڈیمک بلاکس، رہائشی عمارت اور سرویس زونس ہوں گے۔ شانتی کماری نے حیدرآباد کلکٹر کو ہدایت دی کہ ریوینیو، سیول سپلائیز اور پولیس کے عہدیداروں کے ساتھ دورہ کرتے ہوئے علاقہ کے پٹرول پمپ کی منتقلی کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ مہیلا شکتی کی 16 عمارتوں کی تعمیر کا کام جاری ہے اور اندرون ایک ہفتہ مزید 6عمارتوں کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔ تمام عمارتیں ستمبر تک مکمل کرلی جائیں گی۔ چیف سکریٹری نے سکریٹری محکمہ تعلیم کو ہدایت دی کہ ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں میں انتظامی اور نصابی امور پر توجہ مرکوز کریں۔ اجلاس میں مجوزہ تلنگانہ بھون کی تعمیر اورریجنل رنگ روڈ کیلئے حصول اراضی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی وکاس راج، حکومت کے مشیر سرینواس راجو، پرنسپل سکریٹری ریوینیو نوین متل، سکریٹری ہیلت کرسٹینا چونگٹو اور سکریٹری تعلیم یوگیتا رانا اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔1