حیدرآبادیکم فروری(یواین آئی)پی ایچ ڈی انٹرنس امتحان میں بدعنوانیوں اور الٹ پھیر کا الزام لگاتے ہوئے شہرحیدرآباد کی مشہور عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبا نے وائس چانسلر کے چیمبر میں داخل ہوکر احتجاج کیا۔ اس وقت وائس چانسلر چیمبر میں موجود نہیں تھے۔ انہوں نے وائس چانسلر کے رویہ پر شدید ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیتی طلبا سے ناانصافی کا الزام لگایا۔انہوں نے الزام لگایا کہ وائس چانسلرقواعد پر عمل نہیں کررہے ہیں۔انہوں نے اپنے مطالبہ کی حمایت میں نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ کاکتیہ یونیورسٹی کی طرز پر یا پھرمیرٹ کی بنیاد پرپی ایچ ڈی میں داخلوں کا عمل مکمل کیاجائے ۔ اس احتجاج کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچ گئی جس نے احتجاجیوں کو زبردستی طورپر وائس چانسلر کے چیمبر سے نکال کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ اس واقعہ کے بعد عثمانیہ یونیورسٹی کے احاطہ میں کچھ دیر کے لئے کشیدگی دیکھی گئی۔ پولیس نے احتجاجی طلبہ کو پولیس اسٹیشن منتقل کرنے کے بعد صورتحال پر قابو پالیا۔ پی ایچ ڈی انٹرنس امتحان میں بے قاعدگیوں کے مسئلہ پر طلبہ میں شدید برہمی پائی جاتی ہے۔