حیدرآباد۔7 دسمبر(پریس نوٹ) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے چہارشنبہ کو عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں نئی سنٹینری ایڈمنسٹریٹیو بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ ریاستی حکومت یونیورسٹی میں معیاری تعلیم کے ساتھ طلبہ کو عصری بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے عثمانیہ یونیورسٹی میں بہتر سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یونیورسٹی کے مس میں غیر مجاز افراد کے داخلے کو روکنے کے لئے یونیورسٹی ایف آر ایس کا استعمال کرے گی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی، وزیراینیمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو، عثمانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈی رویندر یادو اور دوسرے موجود تھے۔ نئی عمارت 33.75 کروڑ روپے کے مصارف سے تعمیر کی جائے گی۔ 9 ماہ میں نئی عمارت کی تعمیر مکمل کرنے کا نشانہ رکھا گیا ہے۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ موجودہ ایڈمنسٹریٹیو بلڈنگ 1960 میں تعمیر کی گئی تھی جس کو بارہا مرمت کی ضرورت پڑ رہی ہے۔