وزیر صحت ہریش راؤ سے چیرمین تلنگانہ وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان کی ملاقات
حیدرآباد۔29 ۔مئی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے ریاستی وزیر صحت مسٹر ٹی ہریش راؤ سے خیر سگالی ملاقات کرتے ہوئے انہیں صدرنشین بنائے جانے پر تلنگانہ راشٹرسمیتی قائدین سے اظہار تشکر کیا ۔مسٹر ٹی ہریش راؤ سے ملاقات کے دوران جناب محمد مسیح اللہ خان نے ریاست تلنگانہ میں موجود اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے سلسلہ میں ان کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے متعلق تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں موجود اوقافی اراضیات کے تحفظ کیلئے عصری ٹکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور تمام اوقافی اراضیات کے ریکارڈ کے ساتھ ساتھ اراضیات کو محفوظ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ہریش راؤ نے صدرنشین وقف بورڈ کو اوقاف اراضیات کے بہتر استعمال کے ذریعہ مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی پسماندگی کو دور کرنے کی منصوبہ بندی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ ملک کے ان چنندہ بورڈ س میں شامل ہے جہاں ہزاروں ایکڑ اوقافی اراضیات موجود ہیں لیکن ان اراضیات کو بہتر انداز میں استعمال نہ کئے جانے کے سبب نہ صرف اراضیات تباہ ہورہی ہیں بلکہ ان اراضیات پر لینڈ گرابرس کی نگاہیں پڑرہی ہیں۔انہو ںنے محمد مسیح اللہ خان سے کہا کہ ریاست میں موجود اوقافی اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں وہ کسی بھی طرح کے خوف یا دباؤ کا شکار ہونے کے بجائے حکومت سے مدد حاصل کرتے ہوئے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ م