عطر کا تاجر پیوش جین گرفتا ر، 14 دن کی عدالتی تحویل

,

   

کانپور : انکم ٹیکس کی چھاپے ماری میں برآمد ہونے والی نقدی و زیورات کے بعد کانپور کے عطر کاروباری و ترمورتی فریگرنس لمیٹیڈ کے مالک پیوش جین کوان کے جوہی میں واقع انندپوری رہائش گاہ سے اتوار کی دیر رات گرفتار کرلیا گیا۔ آج اُنھیں عدالت کی جانب سے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ یہ کارروائی قنوج اور کانپور میں واقع دفاتر، فیکٹر اور رہائش گاہوں سے ڈی جی جی آئی کے دھاؤں میں 200کروڑ روپئے سے زیادہ کی نقدی و زیورات برآمد ہونے کے بعد عمل میں آئی ہے ۔پیوش کے بیٹے اب بھی ڈی جی جی آئی کی حراست میں ہیں۔ پیوش کے قبضے سے کنجیوں کا ایک جھولا برآمد کیا گیا ہے اور اس کے تالوں کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے ۔اسی وجہ سے تحقیقاتی عہدیداروں کو شبہ ہے کہ اب بھی مزید نقدی اور دیگر اشیاء برآمد ہوسکتی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پیوش کے کانپور و قنوج میں واقع مختلف ٹھکانوں سے ابھی تک ڈی جی جی آئی 250کروڑ روپئے کی نقدی اور زیورات برآمد کرچکا ہے ۔قنوج سے موصول اطلاع کے مطابق ڈی جی جی آئی کی ٹیم نے ابھی تک قنوج کے چپٹی میں واقعہ ان کے آبائی گھر سے تقریبا 250کلو گرام چاندی،25کلو سونا کے ساتھ 103کروڑ روپئے کی نقدی برآمد کی ہے ۔تاہم اس ضمن میں ابھی تک کوئی آفیشیل بیان جاری نہیں کیا گیا ہے ۔ٹیم نے کچھ ڈائریاں اوربل بھی برآمد کئے ہیں جن میں کاروبار کے اندراج ہیں۔