علی مسقطی اسمبلی حلقہ چارمینار سے کانگریس کے امکانی امیدوار

   

دہلی میں کانگریس کے قائدین مانک راؤ ٹھاکرے ، ریونت ریڈی کے علاوہ دوسروں سے تفصیلی ملاقات
حیدرآباد /13 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) کانگریس ہائی کمان تلنگانہ میں حکومت تشکیل دینے کا نشانہ مقرر کرکے خصوصی حکمت عملی تیار کر رہی ہے ۔ آج امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دینے دہلی میں کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ہے ۔ پارٹی ذرائع سے پتہ چلا کہ اس اجلاس میں 70 اسمبلی حلقوں کے امیدواروں کو قطعیت دے دی گئی ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ کانگریس اس مرتبہ پرانے شہر میں طاقتور امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں حال ہی میں کانگریس میں شامل ہوئے علی مسقطی کو دہلی طلب کیا ۔ انہیں اسمبلی حلقہ چارمینار سے امیدوار بنانے پر غور کیا گیا ۔ کانگریس ہائی کمان کی طلبی پر علی مسقطی نے آج دہلی پہونچکر تلنگانہ کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری مانک راؤ ٹھاکرے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی سکریٹری اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج منصور علی خان سابق ایم پی مدھو گوڑ یشکی سکریٹری اے کی سی سی تنظیمی امور ڈاکٹر ومشی چند ریڈی کے بشمول دیگر سینئر قائدین سے ملاقات کی ۔ پارٹی علی مسقطی کو اسمبلی حلقہ چارمینار سے امیدوار بنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔ ساتھ ہی ان سے پرانے شہر کے دیگر اسمبلی حلقوں کی سیاسی صورتحال پرانے شہر کے مسائل اور دیگر امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ کانگریس پارٹی اس مرتبہ پرانے شہر میں مجلس کو شکست دینے کیلئے طاقتور اور عوامی مقبولیت رکھنے والے قائدین کو امیدوار بنانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔ مجلس کے چند کارپورٹرس اور چند سابق کارپوریٹرس کے علاوہ دوسری جماعتوں کے قائدین کانگریس سے رابطہ میں ہے ۔ ساتھ ہی کانگریس پارٹی مذہبی تنظیموں اور فلاحی سرگرمیوں میں مصروف رہنے والی شخصیتوں اور جہدکاروں سے بھی رابطہ بنائے ہوئے ہیں ۔ ن