حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : حیڈرا کمشنر اے وی رنگناتھ نے بتایا کہ حیدرآباد میں جلد ہی حیڈرا پولیس اسٹیشن قائم کیا جائے گا ۔ حیڈرا پولیس اسٹیشن زمینوں پر قبضے ، سرکاری اراضیات پر تجاوزات ، تالاب ، کنٹوں اور ایف ٹی ایل پر تعمیرات کے خلاف کارروائی کیلئے قائم کیا جارہا ہے ۔ حیڈرا پولیس اسٹیشن کے علاوہ نامپلی نویں ایڈیشنل مجسٹریٹ کورٹ کو ایک خصوصی عدالت کے طور پر نامزد کیا گیا ہے جو حیڈرا کے مقدمات کی سماعت کرے گی ۔ حیڈرا اپنی خصوصی کارروائیوں کو تقویت دینے کے لیے خصوصی یونٹ میں ریونیو ، فائر ، رجسٹریشن ، آبپاشی ، پولیس اور جنگلات کے محکموں کے اہلکاروں کو شامل کررہے ہیں ۔ حیڈرا کمشنر اے وی رنگناتھ نے کہا کہ حیڈرا کا الگ پولیس اسٹیشن ہونے سے ہمیں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تیز اور فیصلہ کن کارروائی کرنے میں کافی مدد ملے گی ۔ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے یہ ایک موثر طریقہ ہے۔ تلنگانہ حکومت نے اثاثوں کے تحفظ میں مدد کیلئے حیڈرا کو 200 کروڑ روپئے مختص کئے ۔ تلنگانہ حکومت نے حیڈرا کو قانونی تحفظ دینے اور آوٹر رنگ روڈ کے اندر جھیلوں ، آبی ذخائر اور نالوں کی حفاظت کیلئے مزید افرادی قوت کے ساتھ ایجنسی کو مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ۔۔ ش