شدید بارش سے عیدگاہوں میں انتظامات مشکل ۔ علمائے کرام و مشائخین کی اپیل
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ساری ریاست تلنگانہ اور دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں مسلسل بارش کو دیکھتے ہوئے علمائے کرام و مشائخین عظام نے امت مسلمہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی قریبی مساجد میں نماز عید ادا کریں۔ علماء کرام نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ چونکہ نماز کیلئے پاکی اور صفائی بنیادی اہمیت کی حامل ہے اور شدید بارش کی وجہ سے عیدگاہوں میں صفائی و پاکی متاثر ہوئی ہے اور مسلسل بارش کی وجہ سے کیچڑ ہوگیا ہے ۔ جائے نماز بھی بچھائے نہیں جاسکتے اسی لئے عوام کو چاہئے کہ وہ عیدگاہ جانے کی بجائے قریبی مساجد میں نماز عید ادا کریں۔ وقف بورڈ عیدگاہوں کے علاوہ اضلاع میں نماز عید کے انتظامات کئے جارہے تھے لیکن مسلسل بارش کے سبب جائے نمازیں بھیگ جانے اور شامیانوں سے بھی پانی ٹپکنے کے سبب کیچڑ و ناپاکی دیکھی جانے لگی ہے ۔ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ ، مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ ، جامعہ نظامیہ ، مولانا سید شاہ قبول پاشاہ شطاری ، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ، مولانا سید ظہیر الدین علی صوفی القادری ، مولانا مفتی صادق محی الدین ، مولانا مفتی سید ضیا الدین نقشبندی صدر مفتی جامعہ نظامیہ ، مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ ، مولانا سید ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی قریبی مساجد میں نماز عید الاضحی ادا کریں ۔ م