عوامی شکایت پر ایڈیشنل کلکٹر نے سرکاری اسکول کا دورہ کیا

   

کریم نگر۔11نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) عوامی شکایت کے ازالے کے سلسلے میں ضلع ایڈیشنل کلکٹر ڈاکٹر اشونی تناجی واکاڈے نے کریم نگر کے حسینی پورہ سرکاری پرائمری اسکول کا دورہ کیا۔ واضح رہے کہ عوامی شکایات کے پروگرام پرجاوانی میں حسینی پورہ کی خواتین کی جانب سے اسکول کے مسائل اور طلبہ کو درپیش مشکلات سے متعلق شکایت درج کروائی گئی تھی۔ایڈیشنل کلکٹر نے اسکول کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے وہاں دستیاب بنیادی سہولتوں اور زیرِ التوا ترقیاتی کاموں کے بارے میں متعلقہ عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ طلبہ کو کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، اس کے لیے ضروری بنیادی سہولتیں جلد از جلد فراہم کی جائیں۔انہوں نے عہدیداروں کو مزید ہدایت دی کہ پرجاوانی میں موصول ہونے والی شکایات کو نظرانداز نہ کیا جائے بلکہ متعلقہ مقامات کا راستہ معائنہ کرتے ہوئے مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔ طلبہ کی تعلیمی ضروریات اور سہولتوں کو اولین ترجیح دینے پر بھی زور دیا۔