عیدمیلادؐ میں ہتھیاروں کیساتھ رقص ،19 افراد گرفتار

   

بنگلورو: کرناٹک پولیس نے منگل کو 19 نوجوانوں کو گرفتار کیا، جن میں 14 نابالغ بھی شامل ہیں۔ عوامی مقام پر تلواروں اور دیگر خطرناک ہتھیاروں کو لہرانے اور اکبر الدین اویسی کی ہندو مخالف تقاریر کے ریمکس پر رقص کرنے کے سلسلے میں یہ گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ پولیس کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گروہ نے عید میلادؐ کے دن پولیس کو چکمہ دیا اور ٹانک گارڈن روڈ پر جلوس کے بعد ہتھیاروں کے ساتھ رقص کیا۔ نوجوانوں نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس سمیت سوشل میڈیا پر اپنا (ہمارا) علاقہ کا عنوان دے کر اپ لوڈ کیا۔ پولیس کو واقعہ کی مزید ویڈیوز ملی ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ 9 اکتوبر و عید میلاد کے جلوس کے بعد پیش آیا۔ نوجوانوں اور نابالغوں کے گروپ نے اے آئی ایم آئی ایم لیڈر اور تلنگانہ کے ایم ایل اے اکبر الدین اویسی کی اشتعال انگیز تقریروں سے بنا ایک ریمکس گانا چلایا۔ بنگلورو شہر کی سدا پور پولیس نے جس نے ایف آئی آر درج کی ہے اس نے کہا کہ نابالغوں کے خلاف قانون کی دفعات کے مطابق کارروائی شروع کی جائے گی۔ واقعہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔اعلیٰ عہدیداروں کی ہدایت پر پولیس حرکت میں آگئی۔ نوجوانوں اور نابالغ لڑکوں کی گرفتاری کے لیے منگل کی صبح 3 بجے تک کارروائی جاری رہی۔ گرفتار افراد کے والدین سداپورہ تھانے کے سامنے جمع ہوئے اور مطالبہ کیا کہ ان کے بچوں کو رہا کیا جائے۔ تاہم پولیس نے انہیں روانہ کردیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔