غریب خاندان کو لڑکی کے علاج کیلئے 15 لاکھ روپئے کی منظوری

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا جذبۂ انسانی ہمدردی
حیدرآباد 16 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک غریب خاندان کو کینسر میں مبتلا لڑکی کے علاج کے لئے نہ صرف رقم منظور کی بلکہ مرض کی شدت سے لڑکی کے فوت ہونے کے بعد سابق میں علاج پر خرچ کی گئی رقم بھی چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے جاری کرنے کی ہدایت دی۔ حیدرآباد کے ایل بی نگر سے تعلق رکھنے والے راگھو اور منجولہ کو 2 لڑکیاں ہیں۔ راگھو ایک خانگی کمپنی میں ملازم ہے۔ بڑی لڑکی 5 سالہ ویداولی کو 2022ء میں شدید بخار پر ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا، ڈاکٹرس نے اُسے بلڈ کینسر کی تشخیص کی۔ لڑکی کی جان بچانے کے لئے والدین 2 سال تک مختلف ہاسپٹلس کے چکر کاٹتے رہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ علاج کا خرچ بھی بڑھتا رہا۔ 2024ء میں جب یہ معاملہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے رجوع کیا گیا تو اُنھوں نے بسواتارکم کینسر ہاسپٹل میں علاج کے لئے 8 لاکھ روپئے کی منظوری دی۔ بیماری کے شدت اختیار کرنے کے باعث ویداولی دوران علاج فوت ہوگئی۔ علاج کے لئے سابق میں اِس غریب خاندان نے بھاری رقم خرچ کی تھی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو جب غریب خاندان کی بپتا سنائی گئی تو اُنھوں نے لڑکی کے علاج پر سابق میں خرچ کی گئی رقم کے معاوضہ کے طور پر مزید 7 لاکھ روپئے منظور کئے۔ چیف منسٹر کے او ایس ڈی وی سرینواسلو نے ویداولی کے والد راگھو کو 7 لاکھ روپئے کا چیک حوالہ کیا۔ چیف منسٹر نے غریب خاندان کی لڑکی کے علاج کے لئے مجموعی طور پر 15 لاکھ روپئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے جاری کئے ہیں۔ راگھو اور اُن کے گھر والوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی غریبوں کے علاج کیلئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے رقمی منظوری میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اُنھوں نے فنڈس کی اجرائی میں کسی بھی بے قاعدگی کو روکنے کے لئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کا نظام متعارف کیا ہے۔1