ضلع کلکٹریٹس کے روبرو ریاست گیر سطح پر احتجاج، ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کی شرکت
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی نے غریبوں کو امکنہ اراضی کے الاٹمنٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاست گیر سطح پر ضلع کلکٹریٹس کا گھیراؤ کیا۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے ورنگل کلکٹریٹ کے گھیراؤ میں شرکت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر حکومت غریبوں کو اراضی الاٹ نہیں کرے گی تو سی پی آئی حیدرآباد کے گھیراؤ کے پروگرام کا اعلان کرے گی۔ سینکڑوں کی تعداد میں سی پی آئی کارکنوں نے کلکٹریٹ کا گھیراؤ کیا اور غریبوں کو مکانات کیلئے سرکاری اراضیات الاٹ کرنے کی مانگ کی۔ ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ نے حکومت کو انتباہ دیا کہ وہ جلد از جلد امکنہ اراضی الاٹمنٹ کا آغاز کرے بصورت دیگر حیدرآباد کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سی پی آئی غریبوں کیلئے اراضی کی جدوجہد کو مزید تیز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی نے ہمیشہ غریبوں کو اراضیات الاٹ کرنے کی مہم چلائی ہے اور یہ مہم کسی پارٹی یا حکومت کے خلاف نہیں بلکہ غریبوں کی بھلائی کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں نے جہاں کہیں بھی سرکاری اراضیات پر جھونپڑیاں تعمیر کی ہیں حکومت کی جانب سے جبری تخلیہ کرواتے ہوئے رئیل اسٹیٹ تاجرین کو حوالے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے انتخابات سے قبل غریبوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کا اعلان کیا تھا لیکن یہ اسکیم عملاً ختم ہوچکی ہے لہذا حکومت کو چاہیئے کہ وہ فاضل سرکاری اراضیات غریبوں کو الاٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل حکومت کو چاہیئے کہ جی او نمبر 58 پر عمل کرتے ہوئے بے گھر افراد کو 60 گز اراضی الاٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست گیر سطح پر سی پی آئی نے مہم میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو رئیل اسٹیٹ تاجروں کے بجائے غریبوں کی مدد کرنی چاہیئے۔ سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے غریبوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے لیکن یہ امداد اراضی الاٹ کرنے کے بعد دی جانی چاہیئے۔ کلکٹریٹ کے گھیراؤ میں سی پی آئی قائدین سرینواس راؤ، پی ساریا، کے وینکٹ راملو، ضلع سکریٹری ایم روی، اسسٹنٹ سکریٹری پی رمیش اور دوسروں نے حصہ لیا۔ر