غصہ تو مجھے آنا چاہئے کیونکہ میری ماں کے بارے میں کہا گیا: پرساد کمار

   

ہریش راؤ پر اسپیکر اسمبلی کی برہمی، خاتون ارکان اسمبلی کے ساتھ زیادتی کے قصوروار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا تیقن
حیدرآباد ۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار آج اس وقت جذباتی اور بی آر ایس ڈپٹی لیڈر ہریش راؤ پر برہم ہوگئے جب اپوزیشن نے خاتون ارکان اسمبلی کے خلاف پولیس کے نازیبا رویہ پر ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی کو روک دیا۔ برسر اقتدار پارٹی کے ارکان نے بی آر ایس رکن کونسل ٹی مدھو کی جانب سے اسپیکر کے خلاف نازیبا اور غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال کا مسئلہ اٹھایا اور بی آر ایس ارکان سے مطالبہ کیا کہ وہ اسپیکر سے معذرت خواہی کریں۔ ہریش راؤ نے وضاحت کی کہ بی آر ایس رکن کونسل نے کل ہی غیر مشروط طور پر معذرت خواہی کرلی ہے لہذا اس مسئلہ کو ختم سمجھا جائے۔ اسپیکر پرساد کمار نے انتہائی جذباتی انداز میں ہریش راؤ سے مخاطب ہوکر کہا کہ بی آر ایس رکن نے میری ماں کے بارے میں کہا ہے آپ کی ماں کے بارے میں نہیں، غصہ تو مجھے آنا چاہئے کیونکہ میری ماں کے بارے میں برا بھلا کہا گیا جبکہ آپ کی ماں کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا۔ اسپیکر نے کہا کہ وہ بی آر ایس کی خاتون ارکان اسمبلی کو اپنی بہن تصور کرتے ہیں اور کل جیسے ہی پولیس سے تصادم کی اطلاع ملی انہوں نے عہدیداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ رپورٹ میں جو بھی قصوروار پائے جائیں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اسپیکر نے ہریش راؤ سے کہا کہ آپ خاتون ارکان اسمبلی کی بات کررہے ہیں، پہلے میرے بارے میں بھی کچھ کہیں کیونکہ میری ماں کے بارے میں نازیبا ریمارکس کئے گئے۔ ہریش راؤ کی برہمی کا حوالہ دیتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ غصہ تو آپ کو نہیں مجھے آنا چاہئے کیونکہ رکن کونسل نے میری ماں کے بارے میں کہا ہے۔ انہوں نے بی آر ایس ارکان کے رویہ پر اعتراض کیا ہے اور کہا کہ ایوان میں خاتون ارکان اسمبلی کا مکمل طور پر احترام کیا جاتا ہے۔ میں نے آپ کی بات سنی ہے آپ کو اس قدر غصے کی کیا ضرورت ہے؟ غصہ تو مجھے آنا چاہئے کیونکہ میری ماں کے بارے میں کہا گیا آپ کی ماں کے بارے میں نہیں۔ وزیر امور مقننہ سریدھر بابو نے بی آر ایس ارکان پر اسپیکر کو دھمکانے کا الزام عائد کیا۔ 1؍F a/b/