فارمولہ ای ریسنگ کمپنی کو اینٹی کرپشن بیورو کی نوٹس18 جنوری کو حاضر ہونے کی ہدایت

   

حیدرآباد /16 جنوری، ( سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو نے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں کے ٹی آر اور دو سینئر عہدیداروں اروند کمار اور بی ایل این ریڈی سے پوچھ تاچھ کے بعد ریس کے پہلے پروموٹر ایکس نیکسٹ زون کمپنی کو نوٹس جاری کرکے 18 جنوری کو تحقیقات کیلئے پیش ہونے ہدایت دی ہے۔ 25 اکٹوبر 2022 کو فارمولہ ای ریسنگ کے پہلے معاہدہ کے تحت سیزن 9، 10 ، 11 اور 12 ریس کے انعقاد کیلئے اخراجات ایکس نیکسٹ زون کمپنی کو ادا کرنے تھے۔ حیدرآباد میں ستمبر 10 اور 11 کو سیزن 9 ریس کا اہتمام کیا گیا جبکہ فروری 2024 میں سیزن 10 ریس کے انعقاد کیلئے ادارہ کی جانب سے مئی 2023 میں جملہ 90 کروڑ کی ادائیگی کا معاہدہ تھا جو مجموعی رقم کا 50 فیصد ہوتا ہے لیکن کمپنی نے سیزن 9 میں نقصانات کا حوالہ دے کر رقم ادا نہیں کی جس پر اُسوقت کے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے ایچ ایم ڈی اے کو رقومات ادا کرنے ہدایت دی جس کے تحت اکٹوبر 2023 میں 45.71 کروڑ ایچ ایم ڈی اے نے جاری کئے۔ رقومات کی ادائیگی کے معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو نے خانگی کمپنی کو نوٹس جاری کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اے سی بی سے ایکس نیکسٹ کمپنی کے علاوہ گرینکو کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر انیل کو بھی نوٹس جاری کی گئی ۔ انہیں 18 جنوری کو تحقیقات کیلئے حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی۔1