فرقہ وارانہ منافرت پیدا کرنے والوں کا بائیکاٹ کرنے وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ کی اپیل

   


تلنگانہ سے فسادات کا خاتمہ ، کرسمس تقاریب سے ریاستی وزیر کا خطاب
حیدرآباد ۔22 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے کہا کہ بعض سیاسی پارٹیاں مذاہب کے درمیان نفرت پیدا کرتے ہوئے فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنی چاہتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مذہبی منافرت کی سیاست کرنے والوں کو اپنے گاؤں میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیں۔ تلنگانہ میں تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کیا جاتا رہا ہے اور کے سی آر حکومت فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ پرامن ماحول کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر پنچایت راج نے کرسمس تقاریب میں شرکت کی اور عیسائیوں کو اس تہوار کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرپنچایت راج نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر سیکولر قائد ہیں اور تلنگانہ میں تمام طبقات کی یکساں ترقی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں تمام مذاہب کے عید اور تہوار سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں۔ وزیر پنچایت راج نے اس موقع پر کیک کاٹا اور غریبوں میں ملبوسات کے تحائف تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کی تقاریب کا ریاست بھر میں اہتمام کیا جارہا ہے اورحکومت کی سطح پر منعقدہ تقریب میں چیف منسٹر کے سی آر نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل اور کے سی آر کے چیف منسٹر بننے سے قبل مذہبی تہواروں کو سرکاری سطح پر منانے کی روایت نہیں تھی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے عید اور تہواروں کے موقع پر وزراء ، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اور مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کو شرکت کی ہدایت دی۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ بعض سیاسی پارٹیاں مذہب کی بنیاد پر ہندوؤں ، مسلمانوں اور عیسائیوں کے درمیان پھوٹ پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ عوام کو چاہئے کہ ایسے عناصر کو اپنے علاقوں میں داخل ہونے نہ دیں۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں مذہبی منافرت کی سیاست نہیں چل سکتی اور ہندو اور مسلمان باہم شیر و شکر زندگی بسر کریں گے۔ تلنگانہ میں فرقہ وارانہ فسادات کا خاتمہ ہوچکا ہے ۔ر