فرقہ پرست طاقتوں کا مقابلہ صرف کانگریس پارٹی سے ممکن

   

سیکولرازم کے تحفظ کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے محمد علی شبیر کی اپیل
حیدرآباد: سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلدی انتخابات میں کانگریس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے کیونکہ صرف کانگریس پارٹی ملک بھر میں فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے بلدی انتخابات میں فرقہ وارانہ ایجنڈہ کے ذریعہ ووٹ حاصل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے رائے دہندوں کو چاہئے کہ وہ جدوجہد آزادی سے آج تک سیکولرازم کا تحفظ کرنے والی کانگریس پارٹی کی تائید کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ، بی جے پی اور مجلس کی حقیقت انتخابی مہم کے دوران بے نقاب ہوچکی ہے ۔ ان تینوں پارٹیوں نے مشترکہ ایجنڈہ کے ذریعہ عوام میں ڈر و خوف کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ حیدرآباد کے عوام امن کے ساتھ ترقی چاہتے ہیں لیکن یہ پارٹیاں ایک دوسرے پر تنقید کا ڈرامہ کرتے ہوئے سماج کو توڑنے کے درپہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن اور پھر سیلاب کے دوران متاثرین کی مدد کرنے میں حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ آج بھی ہزاروں متاثرہ خاندان امداد سے محروم ہیں۔ انتخابی مہم میں عوام کے بنیادی مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر ضروری مسائل میں الجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بی جے پی کے کسی قائد نے دورہ نہیں کیا لیکن انتخابات میں ووٹ مانگنے کیلئے کئی مرکزی وزراء پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میں عوام فرقہ پرست طاقتوں سے عاجز آچکے ہیں۔ حیدرآباد کی ترقی کانگریس دور حکومت کی دین ہے اور کانگریس نے ترقیاتی ایجنڈہ انتخابی منشور کے طور پر پیش کیا ہے ۔