تلنگانہ حج کمیٹی کا پہلا تربیتی کیمپ
مولانا خسرو پاشاہ، مفتی خلیل احمد، تفسیر اقبال اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔/22 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حج 2025 کی تیاریوں کے سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کیلئے آج پہلا تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب تفسیر اقبال آئی پی ایس ، مولانا مفتی خلیل احمد امیر جامعہ نظامیہ، صدرنشین اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی جناب فہیم الدین قریشی، مولانا احسن بن محمد الحمومی اور دوسروں نے خطاب کیا۔ عازمین حج کو سفر حج کے دوران درپیش آنے والے مسائل سے واقف کراتے ہوئے انہیں خالص عبادت کی نیت سے سفر کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ علمائے کرام اور مقررین نے کہا کہ گذشتہ سال کے تجربات کے پیش نظر عازمین حج کو ابھی سے ذہنی طور پر تیار رہتے ہوئے اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہیئے۔ ایام حج کے دوران پیدل چلنے کی زیادہ ضرورت پڑتی ہے لہذا ابھی سے عازمین حج کو پیدل چلنے کی عادت ڈالنی چاہیئے۔ امیر جامعہ نظامیہ مولانا مفتی خلیل احمد نے مناسک حج اور زیارت مدینہ منورہ کے آداب بیان کئے اور کہا کہ عازمین کو زیادہ تر وقت عبادتوں پر صرف کرنا چاہیئے۔ مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں ایک نماز کی ادائیگی کا ثواب ایک لاکھ نمازوں کے برابر ہے۔ حج ایک خالص عبادت ہے اسے تجارت یا تفریح کا سامان نہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کیلئے موثر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج میں اخلاص اور نیت کی اہمیت ہوتی ہے۔ جناب تفسیر اقبال آئی پی ایس نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے حج کیمپ 2025 کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ شہر اور اضلاع میں تربیتی کیمپس کے ذریعہ عازمین کو سعودی عرب میں قیام کے دوران پیش آنے والے امور سے واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کے علاوہ حج سوسائٹیز کے ذریعہ تربیت کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ عازمین کو کوئی دشواری نہ ہو۔ 1