ممبئی 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایکٹر کشال پنجابی جنھوں نے کال اور لکشیہ جیسی فلموں کے علاوہ ریالٹی شو ’’فیئر فیکٹر‘‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، جمعہ کی صبح اپنے مکان میں مردہ پائے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ رات تقریباً دو بجے کشال کے والدین نے اُنھیں پنکھے سے لٹکا ہوا پایا جبکہ نعش کے قریب ہی ایک خودکشی نوٹ بھی ملا جس میں کشال نے تحریر کیا تھا کہ اُن کی خودکشی کا ذمہ دار کسی کو نہ ٹھہرایا جائے۔ کشال باندرہ کے سینٹ اینڈریوز روڈ پر واقع ریلسٹک بلڈنگ میں مقیم تھے۔ باندرہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر لکشمی ہیرے سمو نے بتایا کہ خودکشی نوٹ میں کشال نے اپنی تمام املاک اپنے والدین، بیٹی اور بہنوں کے درمیان تقسیم کرنے کی خواہش کی ہے۔ باندرہ پولیس اسٹیشن نے فی الحال ایک ایکسیڈنٹل ڈیتھ رپورٹ (ADR) کی بنیاد پر کیس رجسٹر کیا ہے۔