فواد عالم 55 سالہ قدیم ریکارڈ توڑنے کے قریب

   

ہرارے ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین فواد عالم نے ہرارے ٹسٹ میں مسلسل چوتھی سنچری بناکر نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔فواد عالم 55 سال بعد ٹسٹ کرکٹ میں مسلسل اپنی4 نصف سنچریوں کو سنچریوں میں بدلنے والے چھٹے بیٹسمین بن گئے۔فواد عالم نے اپنی اننگز میں صرف یہی اعزاز اپنے نام نہیں کیا بلکہ وہ مسلسل چار سنچریاں بنانے والے پہلے ایشیائی کرکٹر بھی بن گئے ہیں۔35 سالہ فواد عالم نے زمبابوے کے خلاف ہرارے ٹسٹ کے دوسرے روز اپنے ٹسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی ، وہ اب تک اپنے ٹسٹ کیریئر میں تمام نصف سنچریوں کو سنچریوں میں تبدیل کرچکے ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف دوسرے اورآخری ٹسٹ میں اگر وہ ایک اور سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ 55 سالہ قدیم ریکارڈ توڑدیں گے ۔بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے فواد عالم نے اپنے ٹسٹ کیرئیر میں مجموعی طور پر چار سنچریاں اسکور کی ہیں اور ہر نصف سنچری کو سنچری میں بدل کر شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے ہیں اور حسن اتفاق سے ان کے نام ایک بھی نصف سنچری نہیں ہے ۔فواد عالم نے سری لنکا کیخلاف اپنے کرئیر کے پہلے میچ میں سنچری اسکور کی تھی، اس کے بعد انہیں ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا۔ 10 سال بعد ٹیم میں شمولیت کے بعد انہوں نے جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور زمبابوے کیخلاف سنچری اسکور کی ہے اور اب زمبابوے کے خلاف بھی انہوں نے 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ہے۔ یادر رہے کہ پاکستان نے میزبان ٹیم کو پہلے ٹسٹ میں شکست دیکر 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔زمبابوے کے خلاف پہلے ٹسٹ میں اننگز کی کامیابی کے بعد کپتان بابر اعظم نے کہاکہ پہلے سیشن میں بولرز نے اچھی بولنگ کی، پہلی اننگز میں زمبابوے کو جلد آوٹ کرنا اچھا ثابت ہوا، حسن علی نے بہترین بولنگ کی،فواد عالم نے غیرمعمولی مظاہرے سے اچھا اختتام کیا، اب ہم چند دن آرام کے بعد پچ کو دیکھ کر اگلے میچ کے لیے ٹیم تشکیل دیں گے۔