فوج میں مجرموں کی بھرتی کو روس پارلیمنٹ کی حمایت

   

ماسکو : روس کی پارلیما ن کے ایوان زیریں نے بدھ کے روز ایک بل کی ابتدائی منظوری دیدی جس کے تحت روسی وزارت دفاع کو یہ اجازت مل جائے گی کہ وہ یوکرین کی جنگ میں لڑنیکے لئے مشتبہ یا قصور وار مجرموں کو بھرتی کر سکے۔ روس یوکرین کے ساتھ اپنی جنگ کو ’خصوصی فوجی آپریشن ‘ کا نام دیتا ہے جسے شروع ہوئے اب پندرہ ماہ ہو چکے ہیں۔ ماسکو کی افواج کو اس لڑائی میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اب وہ اس جاری جنگ کے لئے مزید فوجی بھرتی کرنے کی کوشش کر رہا ہے جسے دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کی سر زمین کی سب سے بڑی لڑائی کہا جا رہا ہے۔ ایوان زیریں یا دوما کے ڈیٹا بیس کے مطابق قانون میں مجوزہ ترمیم کے تحت کسی بھی ایسے شخص کے ساتھ کانٹریکٹ کیا جا سکتا ہے جس کی کسی جرم میں ملوث ہونے کی بنا پر تفتیش کی جا رہی ہے ، اس کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے یا اسے قصور وار قرار دیا جا چکا ہے۔ ایسے افراد اس کانٹریکٹ کے اہل نہیں ہیں جنھیں جنسی جرائم، بغاوت ، دہشت گردی یا انتہا پسندی کے الزامات پر قصور وار قرار دیا جا چکا ہے۔ اس کانٹریکٹ پر دستخط کرنے والے ان افراد کو اپنی قانونی سزا سے استثنیٰ دیا جا سکتا ہے جنہوں نے اپنا کانٹریکٹ مکمل کرلیا ہے یا پھر جنگی مہارت کی بنا پر ایوارڈ حاصل کیا ہے۔