فوجی مشق کیلئے ہندوستانی فوجی دستہ منگولیا پہنچ گیا

   

نئی دہلی، 11 جون (یو این آئی) 40 ہندوستانی فوجیوں کا ایک دستہ چہارشنبہ کے روز منگولیا کے شہر اولان باتر پہنچ گیا جہاں وہ کثیر رخی فوجی مشق ’خان کویسٹ‘ میں شرکت کریں گے ۔ 14 سے 28 جون تک ہونے والی اس فوجی مشق میں متعدد ممالک کے فوجی دستے باہمی تال میل اور قیام امن کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تجربات کا تبادلہ کریں گے ۔ اس مشق کا آخری ایڈیشن گزشتہ سال 27 جولائی سے 9 اگست تک منعقد ہوا تھا۔ اس کثیر جہتی فوجی مشق کا آغاز 2003 میں امریکہ اور منگولیا کی مسلح افواج کے درمیان دو طرفہ پروگرام کے طور پر ہوا تھا۔ اس کے بعد سال 2006 سے یہ کثیر جہتی امن مشق میں تبدیل ہو گیا اور اب اس کا 22 واں ایڈیشن منعقد ہو رہا ہے ۔ ہندوستانی فوج کا دستہ 40 اہلکاروں پر مشتمل ہے ۔ ان میں بنیادی طور پر کماؤن رجمنٹ کی بٹالین کے سپاہی اور دیگر خدمات کے سپاہی شامل ہیں۔ فوجی دستے میں ایک خاتون افسر اور دو خواتین سپاہی بھی شامل ہیں۔