فیس بک پر برازیل میں تشدد کو ہوا دینے والے اشتہارات کی منظوری

   

نیویارک : فیس بک نے برازیل میں تشدد کو فروغ دینے والے آن لائن اشتہارات کی ایک سیریز کی منظوری دی ہے۔ایک نئی رپورٹ کے مطابق، فیس بک کا یہ اقدام ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب کچھ ہی روز پہلے مشتعل مظاہرین کی جانب سے برازیل کی سرکاری عمارتوں میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔اس ماہ کے آغاز میں، برازیل کے انتہائی دائیں بازو کے سابق صدر جائیر بولسونارو کے ہزاروں حامیوں نے ملک کی کانگریس، سپریم کورٹ اور صدارتی محل پر دھاوا بول دیا تھا اور تین گھنٹے تک توڑ پھوڑ کی۔فیس بک پر آن لائن تشدد بھڑکانے والے مواد کو روکنے کی کوشش میں فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کا کہنا تھا کہ اس نے برازیل کو “عارضی زیادہ حساس مقام” کے طور پر نامزد کیا ہے اور لوگوں کو ہتھیار اٹھانے یا سرکاری عمارتوں پر حملہ کرنے پر ابھارنے والے مواد کو ہٹا دیا ہے۔تاہم، فسادات کے چار دن بعد، انسانی حقوق کی تنظیم گلوبل وٹنس نے انکشاف کیا کہ فیس بک اب بھی اپنے پلیٹ فارم پر موت کی دھمکیوں اور تشدد پر مبنی اشتہارات کی اجازت دے رہا ہے۔