پیرس ۔ سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر سیزن کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے جیسا کہ 39 سالہ فیڈرر نے ناقص شروعات کے باوجود جرمنی کے ڈومینک کوئیفار کو 7-6(5)، 6-7(3)، 7-6(4)، 7-5 سے شکست دی ہے۔ 59 ویں درجہ کے حریف کھلاڑی کے خلاف فیڈرر کو کامیابی کے لئے سخت جدوجہد کرنی پڑی۔ تاہم انہوں نے ٹائی بریکر کے دوران اعصاب شکن لمحات پر قابو رکھتے ہوئے اہم نشانات حاصل کئے اور اپنی پیشقدمی جاری رکھی۔ فیڈرر نے یہ مقابلہ جیتنے میں تین گھنٹے 55منٹ کا وقت لیا۔ فیڈررکیریر میں 68 ویں مرتبہ گرانڈ سلام کے راونڈ 16میں پہنچے ہیں۔ آل ٹائم ریکارڈ میں فیڈرر کے بعد دوسرے نمبر پر دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ ہیں جو 54 باراوراسپین کے رافیل نڈال پچاس بار راونڈ 16میں پہنچے ہیں۔میچ را ت ایک بجے تک چلا اور رات نوبجے کے بعد کوویڈ19کرفیو لگ جانے کی وجہ سے یہ میچ شائقین کے بغیر کھیلا گیا۔علاوہ ازیں ریکارڈ 21 ویں گرانڈ سلام کا تعاقب کرنے والے نڈال نے انگلینڈ کے کیمرون نوری کو بہ آسانی راست سٹوں میں 6-3، 6-3، 6-3 سے شکست دیتے ہوئے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ تیسرے راؤنڈ کے ایک اور مقابلہ میں عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ نے اپنے حریف بیرانکس کو راست سٹوں میں بہ آسانی 6-1، 6-4 ، 6-1 سے شکست دی۔ تیسرے مرحلے کے ایک اور مرحلہ میں یونان کے سٹسپاس نے امریکی ٹینس اسٹار جان اسنر کو ناقص شروعات کے باوجود 5-7، 6-3، 7-6(3)، 6-1 سے شکست دیتے ہوئے چوتھی راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ خاتون زمرہ کے دیگر مقابلوں میں سابق عالمی نمبر ایک وکٹوریہ ایزرنکا کو روسی ٹینس اسٹار پاؤلیچن کووا کے خلاف پہلا سٹ اپنے نام کرنے کے باوجود 7-5، 3-6، 2-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ علاوہ ازیں سورانا کرسٹی کو زیڈانسک کے خلاف مسابقتی اور بہترین شروعات کے مقابلے میں 6-7(4)، 1-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔
فیڈرر کے فرنچ اوپن کیریئر کا اختتام!
راجر فیڈرر اپنے فرنچ اوپن کیریئر کا اختتام کرسکتے ہیں جیسا کہ گزشتہ مقابلہ جو کہ آدھی رات تک جاری رہا تھا اس میں 39 سالہ فیڈرر نے سخت ترین مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی لیکن 2020 میں گھٹنوں کے دو آپریشنس کروانے کے بعد تقریباً ایک سال تک ٹینس سے دور رہنے والے فیڈرر فرنچ اوپنر میں واپسی کی ہے لیکن ومبلڈن میں 9 ویں خطاب کے خواہاں فیڈرر فرنچ اوپن سے دستبردار ہوسکتے ہیں۔ 20 گرانڈ سلام خطابات اپنے نام کرنے والے فیڈرر آئندہ دو ماہ میں 40 برس کے ہو جائیں گے اور انہوں نے فرنچ اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں رسائی سے قبل ساڑھے تین گھنٹے طویل مقابلہ میں جرمنی کے حریف کھلاڑی کا سامنا کیا۔ پیر کے دن پھر انہیں کوارٹر فائنل میں رسائی کے لئے ماٹیو بیراٹنی کے خلاف مقابلہ کھیلنا ہے۔ فیڈرر نے تیسرے مرحلہ کے مقابلہ میں کامیابی کے بعد اظہار خیال کیا تھا کہ وہ نہیں جانتے کہ ٹورنمنٹ میں وہ اپنا کھیل جاری رکھیں گے۔ قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ شاید فیڈرر اب اپنے فرنچ اوپن کیریئر کا اختتام کریں گے۔ فیڈرر نے کہا ہے کہ مجھے فیصلہ کرنا ہے کہ فرنچ اوپن کو جاری رکھنا ہے یا دستبرداری اختیار کرنی ہے کیونکہ کھیل جاری رکھنے سے میرے گھٹنوں پر دباؤ پڑ رہا ہے لہذا آرام کرنا بہتر فیصلہ ہوگا۔