کویتا کی کارستانیوں کو منظر عام پر لائیں گے، فون ٹیاپنگ اور کالیشورم اسکام میں بی آر ایس قائدین کا جیل جانا طئے
حیدرآباد۔/22 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں رکن کونسل کے کویتا کی کارستانیوں کو منظر عام پر لایا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہاکہ کے ٹی آر کو حکومت اور چیف منسٹر کے خلاف بیان بازی میں عقل سے کام لینا چاہیئے۔ کے ٹی آر کمسن بچے نہیں کہ انہیں سمجھایا جائے۔ انہیں غور و فکر کے بعد بیان بازی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ امرت اسکیم میں بے قاعدگیوں سے متعلق اگر کے ٹی آر کے پاس ثبوت موجود ہو تو وہ دستاویزات عوام میں پیش کریں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ امرت اسکیم کے بارے میں کے ٹی آر غیر ضروری طور پر چیف منسٹر کو نشانہ بنارہے ہیں جبکہ ٹنڈرس الاٹمنٹ میں مکمل شفافیت سے کام لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر خاندان اور بی آر ایس قائدین نے دس سالہ دور حکمرانی میں کئی بے قاعدگیاں کی ہیں۔ عوام کی جانب سے قائد اپوزیشن کی ذمہ داری دیئے جانے کے باوجود کے سی آر نبھانے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے درمیان قائد اپوزیشن کے عہدہ کو لیکر رسہ کشی جاری ہے۔ کے ٹی آر کو اندیشہ ہے کہ کہیں یہ عہدہ ہریش راؤ کو حاصل نہ ہوجائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے ٹی آر کی بدعنوانیوں کے نتیجہ میں بی آر ایس کو الیکشن میں شکست ہوئی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ حکومت کی تشکیل سے قبل ہی کے ٹی آر نے کئی کاموں کے ٹنڈرس طلب کئے تھے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے دوران ٹنڈرس طلب کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ستیم کمپیوٹرس کے رام لنگا راجو کے فرزند کے ٹی آر کے دست راست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دن بہ دن عوام میں غیر مقبول ہورہی ہے اور تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرنے میں ناکام ہے۔ ارکان اسمبلی اور میونسپل صدور نشین پارٹی چھوڑ رہے ہیں جس سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر کے ٹی آر چیف منسٹر ریونت ریڈی کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر نے وزیر بلدی نظم و نسق کی حیثیت سے دس برسوں میں 7 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کیا اور اس میں 2 لاکھ کروڑ انکے خاندان کو حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ امرت اسکیم میں 8888 کروڑ کہاں سے آئے اس کی وضاحت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ میں بڑی بے قاعدگیاں کی گئیں اور میڈی گڈہ کی ناقص تعمیرات کیلئے کون جیل جائے گا کہا نہیں جاسکتا۔ فون ٹیاپنگ میں ملوث پربھاکر راؤ کو ہندوستان آنے سے روکنے کے ٹی آر و ہریش راؤ نے امریکہ کا دورہ کیا اور پربھاکر راؤ سے ملاقات کی۔ پربھاکر راؤ ہندوستان آتے ہیں تو یہ دونوں جیل جائیں گے۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کی دکان بند ہوچکی ہے لہذا ریونت ریڈی کو نشانہ بنارہے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کے ٹی آر کو چیلنج کیا کہ وہ امرت اسکیم میں بے قاعدگیوں کو ثابت کریں تو وہ کسی بھی سزا کو قبول کرنے تیار ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی سرد جنگ اور اختلافات سے کے سی آر پریشان ہیں۔ پہلے اپنے خاندان کے اختلافات کو دور کریں بعد میں حکومت کی کارکردگی پر تبصرہ کریں۔1