قانون کی نظر میں تمام یکساں : کودنڈارام

   

کمیشن کے روبرو کے سی آر حقائق پیش کریں
حیدرآباد ۔ 11۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ اور رکن قانون ساز کونسل پروفیسر کودنڈا رام نے کالیشورم کمیشن کے روبرو کے سی آر کی حاضری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رقومات خرچ کرنے والے افراد کا تحقیقاتی کمیشن کے روبرو پیش ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے نام پر ایک لاکھ کروڑ کا خرچ کیا گیا ، لہذا پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کی جانچ کرنے والے کمیشن کے روبرو سابق چیف منسٹر کی پیشی کوئی عجب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے کے سی آر کی طلبی کی مخالفت کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کو اختیار حاصل ہے کہ وہ پراجکٹ سے جڑے تمام افراد کو تحقیقات کیلئے طلب کریں۔ پروفیسر کودنڈا رام آج گریٹر حیدرآباد تلنگانہ جنا سمیتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ غلطی کرنے والے چاہے کسی عہدہ پر فائز ہوں ، قانون کی نظر میں برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ منہدم ہوگیا لیکن پراجکٹ کے نام پر حاصل کردہ قرض برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے روبرو حقائق پیش کرنا کے سی آر کی ذمہ داری ہے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ کانگریس حکومت عوامی مسائل پر توجہ دے رہی ہے جبکہ بی آر ایس حکومت نے عوامی مسائل کو نظر انداز کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں تلنگانہ جنا سمیتی کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ اجلاس سے قبل پروفیسر کودنڈا رام نے پارٹی پرچم لہرایا۔ گوشہ محل سے نامپلی پارٹی آفس تک ریالی منظم کی گئی اور آنجہانی پروفیسر جئے شنکر کو خراج پیش کیا گیا۔ 1