حیدرآباد24ستمبر(یواین آئی)تلنگانہ کے ضلع محبوب آبادمیں بڑی تعداد میں مچھلی لے جانے والی لاری الٹ گئی جس کے ساتھ ہی مقامی افرادسڑک پر گری مچھلیوں کو لوٹنے لگے ۔بعض مقامی افراد نے اس منظر کو اپنے سل فونس میں قید کرلیا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشیل میڈیاپروائرل ہوگیا۔ان ویڈیوز میں دیکھاجاسکتا ہے کہ لوگ، مچھلی لوٹنے کے لئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ لاری میں زندہ مچھلیاں تھیں جو سڑک پر پھیل گئیں۔ یہ لاری کھمم ضلع سے ورنگل ضلع کی سمت جارہی تھی کہ اس کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھودیا اوریہ لاری الٹ گئی۔اس حادثہ میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ اس حادثہ کے بعد سڑک کے دونوں جانب ٹریفک جام ہوگئی۔ اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی اور ٹرک کو راستے سے ہٹا کر ٹریفک کو بحال کیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا اور واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔