چیف سکریٹری کی کلکٹرس سے ٹیلی کانفرنس، وسیع تر انتظامات کی ہدایت
حیدرآباد 7 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی 9 اکتوبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں ڈی ایس سی میں منتخب 11000 سے زائد ٹیچرس کو احکامات تقرر حوالے کریں گے۔ چیف سکریٹری نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ 9 اکتوبر کے پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا اور اضلاع سے امیدواروں کی روانگی کے انتظامات کی ہدایت دی۔ 9 اکتوبر کو سہ پہر 4 بجے لال بہادر اسٹیڈیم میں بڑی تقریب منعقد کی جارہی ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ تلنگانہ میں پہلی مرتبہ اس قدر بڑی تعداد میں اساتذہ کے تقررات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منتخب امیدواروں کے اسنادات کی جانچ ضلع کلکٹرس کی سطح پر مکمل ہوچکی ہے ۔ کلکٹرس سے کہا گیا کہ وہ منتخب امیدواروں کی فہرست تیار کرتے ہوئے کمشنر اسکول ایجوکیشنل کو روانہ کریں۔ منتخب امیدواروں کو دو بجے دن تک لال بہادر اسٹیڈیم منتقل کیا جائے۔ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کو انتظامات کرنے چاہئے ۔ حکومت سے خصوصی بسوں کا انتظام کیا جائے گا اور ہر بس میں ایک پولیس کانسٹبل اور کوآرڈینیشن آفیسر موجود رہے گا۔ اضلاع سے آنے والی بسوں کے لئے پارکنگ کے وسیع انتظامات کئے جارہے ہیں اور جن مقامات کی نشاندہی کی جائے، وہیں پر آر ٹی سی بسوں کی پارکنگ کا انتظام کیا جائے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد کو ٹریفک اور پارٹی کے انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے ۔ حیدرآباد میں امکانی بارش کی صورت میں رین پروف شیڈ کے انتظامات کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ تقریب میں منتخب امیدواروں کے ساتھ ان کے افراد خاندان بھی شرکت کر رہے ہیں، لہذا اسٹیڈیم میں نشستوں کے وسیع انتظامات کئے جائیں ۔ ٹیلی کانفرنس میں پرنسپل سکریٹری ایجوکیشن بی وینکٹیشم ، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیش بھاگوت ، پرنسپل سکریٹری عمارات و شوارع ہری چندن، ڈائرکٹر ایجوکیشن وینکٹ نرسمہا ریڈی و دیگر نے شرکت کی۔ 1