صرف مٹھی بھر افراد کے نفرت کرنے سے کچھ نہیں ہوتا
سونیا گاندھی کی کتاب کی رسم اجراء تقریب سے راہول کا خطاب
نئی دہلی، 16 نومبر (یو این آئی) قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے کہا کہ پہلے اندرا گاندھی اور پھر راجیو گاندھی کے قتل کے بعد ان کی ماں سونیا گاندھی کی ملنسار اور خوش مزاج شخصیت پوری طرح بدل گئی تھی اور مایوسی کے اس دور میں ملک کے عوام نے انہیں بڑا سہارا دیا، جو ان کی نئی زندگی کا آسرا بنا۔ راہول گاندھی نے سونیا گاندھی کی کتاب ‘بیلانگنگ:اے جرنی آف لو’ کی رسمِ اجرا کی تقریب میں کہا کہ اس کتاب میں ان کی ماں کی زندگی کے اس دور کی جھلک ملتی ہے ۔ ان کے والدین ایک دوسرے سے بے حد محبت کرتے تھے اور ایک دوسرے کی زندگی کا لازمی حصہ تھے ، لیکن راجیو گاندھی کے انتقال کے بعد ان کی ماں کو ایک نیا سفر شروع کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ان کی ماں کی مایوس زندگی میں اچانک ہندوستان کے عوام سے ایک نیا دروازہ کھلا۔ گاؤں میں رہنے والے لاکھوں لوگوں نے انہیں اپناتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی اپنی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ان 50 یا 70 لوگوں کی بات نہیں کر رہے ہیں جو ان سے نفرت کرتے ہیں، بلکہ ان لاکھوں ہندوستانیوں کا ذکر کر رہے ہیں جنہوں نے ان کی ماں کو اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میں اپنائیت اور تعلق کا جذبہ ایک مکمل دائرہ پورا کرتا دکھائی دیتا ہے ۔ تقریب میں موجود پنجاب کے سابق چیف منسٹر کیپٹن امریندر سنگھ کا ذکر کرکے انہوں نے راجیو اور سونیا گاندھی میں ہونے والی واحد تکرار کا واقعہ بھی سنایا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے والدین کو بحث کرتے تو دیکھا تھا، لیکن انہیں صرف ایک بار جھگڑتے دیکھا۔ اتفاق سے اس وقت ان کے والد فون پر امریندر سنگھ سے بات کر رہے تھے ۔ ان کی والدہ کچھ کہنا چاہ رہی تھیں اور 3 سے 4 بار دہرانے کے بعد ان کے والد تناؤ میں آکر ناراض ہو گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ واحد موقع تھا جب انہوں نے دونوں کو اس طرح جھگڑتے دیکھا۔اپنے والدین کے درمیان محبت اور قربت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھر میں ہر کھانے کے وقت ان کے والد موجود رہتے تھے ۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ وہ سیاسی باتیں کرنے نہیں آئے ہیں، بلکہ صرف یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ان کے والد کو ان کی ماں سے کتنی گہری محبت تھی۔