اوٹاوا : اسرائیل غزہ کو قبرستان میں تبدیل کرنے کے بعد وہی پالیسی لبنان میں دہرا رہا ہے جبکہ ایسے میں فرانس اور کینیڈا کی جانب سے بھی لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مخالفت کی گئی ہے ۔ میڈیا کے مطابق اوٹاوا میں مشترکہ پریس کانفرس میں فرانس کے صدر ایمونول میکرون نے کہا لبنان کو ایک اور غزہ بنے نہیں دیا جا سکتا، لبنانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، تمام ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے نتائج تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں، عالمی برادری کو خطے میں جنگ بندی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے کہا کہ فلسطینی عوام غزہ سے نہیں نکلیں گے البتہ غاصب اسرائیل غزہ سے ایک دن ضرور نکلے گا۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ کا ایک سینٹی میٹر علاقہ بھی لینے نہیں دیں گے فلسطین ہمارا وطن ہے ہم چھوڑ کر نہیں جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام غزہ سے نہیں نکلیں گے فلسطین ہمارا وطن ہے ہمارے باپ دادا کی زمین ہے فلسطین ہمارا ہے اور ہمارا ہی رہے گا لیکن غاصب اسرائیل غزہ سے ایک دن ضرور نکلے گا۔