لبنان کے حزب اللہ مخالف وزیر خارجہ کی جان کو خطرہ،دفتر جانا بند

   

بیروت : 6 ستمبر ( یو این آئی ) لبنان کے وزیر خارجہ یوسف رجّی نے تصدیق کی ہے کہ انہیں حالیہ دنوں میں سکیورٹی سے متعلق خبردار کیا گیا ہے، جس کے باعث وہ وزارتِ خارجہ کے دفتر میں باقاعدگی سے حاضری نہیں دے رہے۔لبنانی ذرائع کے مطابق لبنان کے وزیر خارجہ تقریباً دو ماہ سے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنے گھر سے کام کر رہے ہیں۔یوسف رجّی لبنان کی موجودہ حکومت میں حزب اللہ کے ہتھیاروں اور ریاستی اختیار کے معاملے پر سخت مؤقف رکھنے والے وزرا میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کھلے عام کہا ہے کہ لبنان کو مسلح گروہوں کے بجائے ریاستی اداروں کے مکمل اختیار میں ہونا چاہیے۔ لبنان کی وزارت خارجہ کے مطابق رجّی نے ایران پر بھی حزب اللہ کے معاملے میں اثرانداز ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ حالیہ رپورٹ میں ایک لبنانی وزارت خارجہ کے ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ رجّی کے خلاف چلنے والی مہمات کے پیچھے حزب اللہ سے وابستہ عناصر ہو سکتے ہیں۔ تاہم حزب اللہ کی جانب سے رجّی کو قتل کی براہِ راست دھمکی دینے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔