بیروت: لبنان میں وزارت صحت نے بتایا ہے کہ نگراں حکومت کے وزیر صحت حمد حسن کے کوروناسے متاثر ہونے کے بعد انہیں چہارشنبہ کے روز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔وزارت صحت کے بیان کے مطابق حسن کو علاج کے واسطے سینٹ جورج ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔غور طلب بات یہ ہے کہ نئے سال کی تعطیل کے بعد لبنان کے ہسپتالوں کو کوروناوائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافے کا سامنا ہے۔ اس کے سبب کوروناکے پیچیدہ کیسوں کو لینے کے حوالے سے ان ہسپتالوں کی صلاحیت ختم ہو رہی ہے۔گذشتہ جمعے کے روز لبنان میں ایک دن کے اندر سب سے زیادہ 5440 کیسوں کا اندراج ہوا۔