لفٹ ایریگشن کے پمپوں کو مسلسل نہ چلانا حکومت کی نااہلی کا ثبوت

   

پالامورو میں پانی کی قلت ، کسان پریشان ۔ سیاسی قائدین کا چیف انجینئر کے دفتر پر احتجاج

ونپرتی ۔11نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سابق ریاستی وزیر و بی آر ایس کے سینئر قائد سنگی ریڈی نرنجن ریڈی کی قیادت میں کسانوں کو آبپاشی کا پانی فراہم کرنے کے مطالبہ پر محکمہ آبپاشی کے چیف انجینئر دفتر کے روبرو اچانک دھرنا منظم کیا گیا۔ اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی آلا وینکٹیشور ریڈی اور بیرم ہرش وردھن ریڈی بھی موجود تھے۔ بعد ازاں قائدین نے ڈپٹی چیف انجینئر وینکٹ ریڈی کو یادداشت پیش کرتے ہوئے کے ایل آئی اور جورالہ پراجکٹ کے ذریعہ فوری طور پر پانی جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر نرنجن ریڈی نے کہا کہ سری سیلم پراجکٹ میں تقریباً 50 ٹی ایم سی پانی دستیاب ہونے کے باوجود کے ایل آئی اور پالمورو لفٹ اریگیشن پمپوں کو مسلسل نہ چلانا حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت کی عدم توجہی کے باعث فصلیں سوکھ رہی ہیں اور کسان شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان کے مطابق بڑے منڈل کے کئی مواضعات کو اب تک آبپاشی کا پانی نہیں ملا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے ایل آئی پمپوں کو مسلسل چلایا جائے اور اس کے تحت آبی وسائل پر انحصار کرتے ہوئے کم مدت میں تیار ہونے والی فصلوں کے کسانوں کو پانی فراہم کیا جائے۔ جورالہ کی دائیں اور بائیں نہروں کے ذریعہ بھی پانی جاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پالمورو پمپوں کو چلا کر ایڈولا اور کرونہ کے ذخائر میں پانی جمع کیا جائے تاکہ کسانوں کو راحت مل سکے۔نرنجن ریڈی نے مزید کہا کہ کرناٹک کے الماٹی ڈیم میں بھی پانی کی دستیابی کے پیش نظر حکومت کو وہاں سے پانی حاصل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کسانوں کے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔دھرنے کے دوران کسانوں رگھوپتی ریڈی، اندرایا ساگر، ناگی ریڈی، ایدنا، کونڈا ریڈی اور سری دھر ریڈی نے بھی اپنی مشکلات بیان کرتے ہوئے فوری طور پر آبپاشی کا پانی فراہم کرنے کی اپیل کی۔اس پروگرام میں گٹو یادو، واکٹی سری دھر، پلسا رمیش گوڑ، جگدیشور ریڈی، نندیملا اشوک، وامن گوڑ، وشویشور، پرشانت، چنّاکیشور ریڈی، کملیشور راؤ، ستیہ نارائنا گوڑ، چندر شیکھر نائک، ویرا ساگر، تلکیشور گوڑ، ہیمنت مدیراج، مکینک سرینو، جوہیب حسین، چٹیا رامو سمیت دیگر قائدین اور کسانوں نے شرکت کی۔