لوک سبھا میں آج پیپر لیک ترمیمی بل پیش ہوگا

,

   

lسخت سزاؤں کی تجویز‘ 10 سال جیل ، 10 کروڑ روپے جرمانہ ہوسکتا ہے
lپیپر لیک کیسز کی فاسٹ ٹریک عدالتوں میں سنوائی‘ اندورن تین ماہ فیصلہ ہوگا

نئی دہلی۔26؍جولائی ( ایجنسیز ) پیپر لیکس اور امتحان میں بدعنوانی کے خلاف اپنی کارروائی کو تیز کرتے ہوئے حکومت نے لوک سبھا میں پیر 27جولائی کوترمیمی بل پیش کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جنتر منتر پر طلبہ کے احتجاج کے درمیان جمعہ کو کابینہ کی میٹنگ میں اس اہم فیصلے کو منظوری دی گئی۔ ترمیمی بل میں پیپر لیک کرنے والوں اور منظم پیپر لیک مافیا کے خلاف سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ نئی دفعات میں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید اور 10 کروڑ روپے تک کے جرمانے کی گنجائش ہے۔ علاوہ ازیں پیپر لیک کیسز کی تیز رفتار ٹرائل کو یقینی بنانے کے لیے، فاسٹ ٹریک عدالتوں کو قانونی طور پر بااختیار بنایا جائے گا جس کے تحت انہیں تین ماہ کے اندر فیصلے سنانے ہونگے۔اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ پیر کو پارلیمنٹ میں اس ترمیمی بل کو پیش کریں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نئی دفعات کا مقصد امتحانی نظام میں شفافیت کو بڑھانا، پیپر لیک کرنے والے منظم نیٹ ورکس پر مؤثر طریقے سے کریک ڈاؤن کرنا اور طلبہ کا اعتماد بحال کرنا ہے۔پبلک ایگزامینیشن ایکٹ، 2024، فی الحال پیپر لیک اور امتحان میں بدعنوانی کو روکنے کیلئے نافذ العمل ہے۔ اس قانون کے تحت، پیپر لیک یا دیگر بے ضابطگیوں کے قصوروار پائے جانے والے افراد کو 3 سے 5 سال کی قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی اگر امتحان سے متعلقہ سروس فراہم کرنے والے کی شمولیت ثابت ہو جاتی ہے تو 1 کروڑ روپے تک کا جرمانہ لگایا جا سکتا ہے۔ اگر اس کیس میں ایک منظم پیپر لیک گینگ یا ریاکٹ ملوث ہے تو مجرموں کو 5 سے 10 سال قید اور کم از کم 1 کروڑ روپے جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔حکومت اس قانون کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اس میں ترمیم کر رہی ہے۔ مجوزہ تبدیلیوں کے تحت، فاسٹ ٹریک عدالتوں کو پیپر لیک سے متعلق مقدمات کی سماعت کے لیے لازمی قرار دیا جائے گا جس سے بروقت نمٹا جانا یقینی بنایا جائے گا۔ جرم کی شدت کے لحاظ سے سزا کی مختلف سطحیں بھی شامل کی جائیں گی۔ موجودہ ایکٹ میں ضروری ترامیم اور اپ ڈیٹس کی جائیں گی۔ اس ترمیمی بل کیلئے محکمہ پرسونل اینڈ ٹریننگ (DoPT) کو نوڈل منسٹری کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ سوال نامہ لیک ہونے جیسے واقعات سے لاکھوں طلبہ اور ان کے خاندانوں کا مستقبل متاثر ہوتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت NEET پیپر لیک کے الزامات کے منظر عام پر آنے کے بعد سے سخت کارروائی کر رہی ہے اور اب قانون کو مزید مضبوط بنا کر، مجرموں کے خلاف تیز اور سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی سے شروع ہوچکا ہے جو 13 اگست تک جاری رہے گا۔ اجلاس آغاز سے ساتھ اپوزیشن کے ہنگامہ اورشور شرابے کی نظر ہوگیا جو اہم مسائل پر مباحث کا مطالبہ کررہے ہیں ۔لوک سبھا کے آٹھویں اجلاس میں سات اہم بل پیش ہوں گے۔