لوک سبھا میں اسپیکر اور اتم کمار ریڈی میں نوک جھونک

   

ثبوت کے بغیر الزامات عائد نہ کرنے اسپیکر کی ہدایت، میرے پاس ثبوت موجود، کانگریس رکن کا جواب
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی کو آج اس وقت اسپیکر لوک سبھا اوم برلا کی سرزنش کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے گوتم اڈانی معاملہ میں بعض الزامات عائد کئے۔ اڈانی گروپ معاملات پر مباحث کا مطالبہ کرتے ہوئے لوک سبھا میں اپوزیشن کا احتجاج جاری ہے۔ لوک سبھا میں صدر جمہوریہ کے خطبہ پر تحریک تشکر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے اڈانی گروپ کا معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے ہنڈن برگ رپورٹ پر مباحث کیلئے اپوزیشن کے مطالبہ کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس دنوں میں اسٹاک مارکٹ کو 10 لاکھ کروڑکا نقصان ہوا ہے۔ مرکزی حکومت کو اس معاملہ میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل سے اتفاق کرنا چاہیئے یا پھر سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کرائی جائیں۔ اتم کمار ریڈی نے مرکزی حکومت پر اڈانی کے حق میں کام کرنے کا الزام عائد کیا جس پر اسپیکر اوم برلا نے اعتراض جتایا۔ انہوں نے کانگریس رکن کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ ثبوت کے بغیر الزامات عائد نہ کریں۔ اسپیکر نے کہا کہ آپ ثبوت کے بغیر الزام تراشی کررہے ہیں اور آپ کو ایوان کے قواعد کی پابندی کرنی چاہیئے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ان کے پاس ثبوت موجود ہیں اور وہ ایوان میں پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ ہم صدر جمہوریہ کے خطبہ پر تحریک تشکر پر مباحث میں ہیں اور آپ ایک انفرادی شخص کے بارے میں بات کررہے ہیں۔ یہ مسئلہ آپ کیلئے اہم ہوسکتا ہے لیکن ملک کیلئے نہیں۔ اسپیکر نے کہاکہ آپ ضرور نکتہ چینی کیجئے لیکن آپ کے پاس اس کا ثبوت ہونا چاہیئے۔ر