لکشمن ایشین گیمز کے لیے ہندوستانی کے کوچ ہوں گے، وزارتِ کھیل

   

نئی دہلی، 3 ستمبر (آئی اے این ایس) سینٹر آف ایکسیلنس (سی او ای) کے سربراہ اور سابق ہندوستانی کرکٹر وی وی ایس لکشمن آئندہ ایشین گیمز، جو آئیچی ناگویا میں منعقد ہوں گے، کے لیے ہندوستانی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وزارتِ نوجوان امور وکھیل نے 768 رکنی ہندوستانی دستے کی تصدیق کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ ہندوستانی دستے میں 503 ایتھلیٹس، 246 ٹیم عہدیدار، معاون عملہ اور19 دستے کے دیگر عہدیدار شامل ہوں گے۔ لکشمن مردوں کی ٹیم کی نگرانی کریں گے، جبکہ مستقل ہیڈکوچ گوتم گمبھیرکو 27 ستمبر سے شروع ہونے والی ویسٹ انڈیزکے خلاف وائٹ بال سیریز سے قبل آرام دیا گیا ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سنیل جوشی، رِشیکیش کنیٹکر اور سْبہ دیپ گھوش لکشمن کے ساتھ کوچنگ عملہ میں شامل ہوں گے، جبکہ امول مزومدار ایشین گیمز میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم کے کوچ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ لکشمن نے حال ہی میں جولائی میں زمبابوے کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل سیریزکے دوران بھی ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کی تھی۔ اس وقت بھی گوتم گمبھیرکو انگلینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے بعد آرام دیا گیا تھا۔ہندوستانی مردوں اور خواتین کی دونوں ٹیمیں ایشین گیمز میں دفاعی چمپئن کی حیثیت سے شرکت کریں گی۔ دونوں ٹیموں نے 2022 کے ہانگژو ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتے تھے۔مردوں کے مقابلے میں رتوراج گائیکواڑکی قیادت میں ایک بڑی حد تک دوسرے درجے کی ہندوستانی ٹیم نے گولڈ میڈل جیتا تھا، جبکہ خواتین کے زمرے میں ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔