لیبیا: گزشتہ برس سیلاب سے ہلاکتوں پر 12عہدیداروں کو سزا

   

طرابلس : لیبیا کی عدالت نے گزشتہ برس ساحلی شہر درنہ میں سیلاب سے ڈیموں کے تباہ ہونے سے حوالے سے کیس میں 12 عہدیداروں کو جیل کی سزا سنادی۔ لیبیا کے اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گزشتہ برس درنہ میں سیلاب کے نتیجے میں کئی ڈیم تباہ ہوئے تھے اور ہزاروں شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔ سزا پانے والے عہدیدار ملک کے ڈیموں کا انتظام سنبھالنے کے ذمہ دار تھے اور انہیں درنہ کی اپیل آف کورٹ نے 9 سال سے 27 سال تک کی قید کی سزا دی ہے، جبکہ 4 عہدے داروں کو بری کردیا۔ واضح رہے کہ درنہ ایک لاکھ 25 ہزار افراد پر مشتمل لیبیا کا ساحلی شہر ہے جہاں گزشتہ برس ستمبر میں طوفان ڈینیل کی وجہ سے بدترین سیلاب آیا تھا اور شہر میں ہزار وں افراد ہلاک ولاپتا ہوگئے تھے۔ ڈیموں کے ٹوٹنے سے کئی عمارتیں اور آبادیاں تباہ ہوگئی تھیں۔

مراقش میں 2476 قیدیوں کو معافی
رباط : مراقش کے سلطان محمد ششم نے منگل کو یوم تخت کے موقع پر 2476 قیدیوں کو معاف کر دیا۔ مراقش کی وزارت انصاف نے پیر کے روز کہا کہ اہم قومی تعطیل یوم تخت پر 2278 ایسے قیدیوں کو عام معافی دی گئی، جن کی جیل کی سزا میں تخفیف کی گئی، جبکہ 182 دیگر کو قید یا جرمانے یا دونوں کو منسوخ کر دیا گیا۔ مزید برآں، بحالی کے پروگرام مکمل کرچکے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مرتکب 16 قیدیوں کو بھی معافی دے دی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ یوم تخت ہر سال 30 جولائی کو منایا جاتا ہے ۔