ماحولیاتی دوست دیوالی منانے دیا مرزا کی ویڈیو دوبارہ اپ لوڈ کی جائے

   

بمبئی ہائیکورٹ کی ہدایت ۔ ہندوستان سکیولر ملک ہے ۔ سیاسی تنقیدپر اظہار برہمی
ممبئی۔3 نومبر (ایجنسیز) دیوالی کے موقع پر پٹاخے نہ جلانے سے متعلق اداکارہ دیا مرزا کی ویڈیو کو سوشل میڈیا سے ہٹائے جانے پر بمبئی ہائی کورٹ نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ عدالت نے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی کہ وہ اداکارہ کی ویڈیو دوبارہ اپ لوڈ کرے۔ عدالت نے اس مہم میں حصہ لینے پر دیا مرزا کے خلاف بعض سیاسی قائدین کی تنقید پر بھی اعتراض کیا۔ جسٹس گریش کلکرنی اور جسٹس ڈاکٹر نیلا گوکھلے پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے کہا کہ عوامی مفاد میں جاری عدالتی ہدایات پر عمل ضروری ہے۔ عدالت نے زور دیا کہ ہم ایک سیکولر ملک ہیں اور ماحولیاتی تحفظ جیسے عوامی مسائل کو سیاسی تنازعات کا موضوع نہیں بنایا جانا چاہیے۔ دیا مرزا نے بمبئی ہائی کورٹ کی سابقہ ہدایات کے تحت ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں شہریوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ دیوالی کے دوران عوامی سڑکوں اور کھلی جگہوں پر پٹاخے نہ جلائیں ۔ اس مہم کا مقصد فضائی آلودگی کو کم کرنے اور شہریوں میں ماحولیات کے تحفظ کے تعلق سے بیداری پیدا کرنا تھا۔ تاہم، بی جے پی کے بعض قائدین کے اعتراضات کے بعد بی ایم سی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے یہ ویڈیو ہٹا دی تھی۔ ان میں ممبئی بی جے پی صدر امیت ساٹم اور بی ایم سی کی میئر ریتو تاوڈے شامل تھیں۔ ریتو تاوڈے نے دیا مرزا کی اپیل پر تنقید کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہندوؤں کو دیوالی منانے کا طریقہ سکھانے کی ضرورت نہیں ۔ دیا مرزا نے وضاحت کی تھی کہ یہ ویڈیو بمبئی ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کا مقصد کسی مذہب یا تہوار کو نشانہ بنانا نہیں تھا ۔