کابینہ میں نمائندگی پر اظہار تشکر، دیگر ذیلی طبقات نے بھی مہم کو تیز کردیا
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ میں ایس سی اور بی سی طبقات کو نمائندگی دینے پر مذکورہ طبقات کے ارکان اسمبلی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے اظہار تشکر کررہے ہیں۔ مادیگا ایس سی طبقہ کے ارکان اسمبلی نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ اُنھوں نے کابینہ میں لکشمن کمار کو شامل کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ اِس موقع پر وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ موجود تھے۔ سماجی انصاف کے تحت کانگریس نے کابینہ میں 3 وزراء کی شمولیت کو منظوری دی جن کا تعلق ایس سی اور بی سی طبقات سے ہے جبکہ ایس ٹی کو اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ الاٹ کیا گیا۔ مادیگا طبقہ کے نئے وزیر اے لکشمن کو ایس سی ایس ٹی اور اقلیتی بہبود کے قلمدان دیئے گئے ہیں۔ معذورین اور سینئر سٹیزنس کی فلاح و بہبود کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ مادیگا طبقہ کے ارکان اسمبلی نے کابینہ میں نمائندگی کیلئے ہائی کمان سے مؤثر اور کامیاب نمائندگی کی تھی۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال سے نمائندگی کے بعد اے لکشمن کمار کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر سے ملنے والے ارکان اسمبلی نے وی ویریشم، کے ستیہ نارائنا، کے یادیا اور وزیر وی سری ہری شامل تھے۔ اِسی دوران کابینہ میں نمائندگی کیلئے منور کاپو طبقہ کے قائدین نے پارٹی و چیف منسٹر سے نمائندگی کی ۔ 33 اضلاع میں منور کاپو تنظیم کے قائدین نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کی اور کابینہ میں اِس طبقہ کو نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا۔ بی سی زمرہ میں گولا اور کرما طبقات کے قائدین نے بھی ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے ملاقات کی۔ الغرض ایس سی اور بی سی زمرہ جات میں ذیلی طبقات کے ارکان اسمبلی اور قائدین کابینہ اور حکومت میں اہم عہدوں کیلئے سرگرم ہوچکے ہیں۔1